علیگڑھ میں ہندو تنظیم کے زیر اہتمام تبدیلی مذہب کی تقریب

علیگڑھ۔/11ڈسمبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) آگرہ میں جبراً تبدیلی مذہب کا تنازعہ ختم بھی نہیں ہوا تھا کہ ایک ہندو تنظیم نے 25ڈسمبر کے روز عوام کی کثیر تعداد کو ہندو بنانے کا اعلان کیا ہے۔ جس پر مقامی بی جے پی رکن پارلیمنٹ نے خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ عوا م کو اپنا پسندیدہ مذہب اختیار کرنے کا حق حاصل ہے۔ ہندوجاگرن سمیتی کے علاقائی انچارج راجیشور سنگھ نے بتایا کہ کرسمس کے موقع پر مہیشوری انٹر کالج اولڈ سٹی میں ایک شاندار تقریب منعقد کی جائے گی جس میں ان لوگوں کو دوبارہ ہندو دھرم میں شامل کیا جائے گا جنہوں نے قبل ازیں تبدیلی مذہب کرلیا تھا۔ تاہم انہوں نے کہا کہ یہ تبدیلی مذہب نہیں بلکہ جو لوگ گمراہ ہوکر اپنا اصل مذہب چھوڑ کر چلے گئے تھے ان کی دوبارہ گھر واپسی ہے۔ راجیشور سنگھ کے اس اعلان کا مقامی بی جے پی رکن پارلیمنٹ ستیش گوتم نے خیرمقدم کیا ہے۔