علیگڑھ میں انٹرنیٹ خدمات معطل

علیگڑھ 4 مئی (سیاست ڈاٹ کام) انٹرنیٹ خدمات کو آج ضلع علیگڑھ میں معطل کردیا گیا کیوں کہ علیگڑھ مسلم یونیورسٹی میں محمد علی جناح کی تصویر کے بارے میں تنازعہ سے کشیدگی پیدا ہوگئی ہے۔ آج دوپہر دو بجے دن سے کل بارہ بجے رات تک ضلع علیگڑھ کی حدود میں انٹرنیٹ خدمات دستیاب نہیں رہیں گی۔ ضلع مجسٹریٹ چندرا بھوشن سنگھ نے کہاکہ ایسا افواہیں پھیلانے والوں کو روکنے کے لئے کیا گیا ہے۔
انتظامیہ کو اطلاع ملی تھی کہ بعض غیر سماجی عناصر فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے ماحول کو ویڈیوز اور انٹرنیٹ خدمات کے ذریعہ افواہیں پھیلاکر زہریلا بناسکتے ہیں۔ علیگڑھ میں کشیدگی پھیلی ہوئی ہے اور طلبہ یونیورسٹیوں کے باب سید پر اپنا دھرنا جاری رکھے ہوئے ہیں جہاں اُن کی پولیس سے جھڑپ ہوگئی تھی۔ وہ آئندہ دو دن تک اپنی کلاسیس کا بائیکاٹ کرتے رہیں گے۔