علیگڑھ مسلم یونیورسٹی کے حالات کی بحالی میں تعاون کیلئے مرکز کا تیقن

مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ سے ملاقات کے بعد وائس چانسلر کا بیان
نئی دہلی۔9 مئی (سیاست ڈاٹ کام) علیگڑھ مسلم یونیورسٹی کے وائس چانسلر طارق منصور نے آج مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ سے ملاقات کے دوران اس کلیدی تعلیمی ادارہ سے متعلق امور مسائل بالخصوص اس کے حدود میں محمد علی جناح کے پوٹریٹ سے پیداشدہ تنازعہ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اس ملاقات کی تفصیلات سے باخبر ایک عہدیدار نے کہا کہ راج ناتھ سنگھ نے طارق منصور کو یونیورسٹی میں معمول کے حالات کی بحالی کے لیے مرکز کی طرف سے ممکنہ مدد کا یقین دلایا ہے بعدازاں طارق منصور نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ملاقات بہت پہلے ہی طے کی جاچکی تھی جس کا موجودہ تنازعے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’انجینئرنگ اور دیگر مرکزی خدمات میں طلبہ کی بھرتیوں کے لیے مرکزی حکومت کے عہدیداروں کو روانہ کرنے کے لیے مرکزی وزیر داخلہ سے میں نے درخواست کی ہے۔‘‘ وائس چانسلر نے کہا کہ علیگڑھ مسلم یونیورسٹی طلبہ یونین کے دفتر میں محمد علی جناح کا پورٹریٹ 1938ء سے موجود ہے یہ کوئی نئی بات یا مسئلہ نہیں ہے۔ بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ ستیش گوتم نے وائس چانسلر کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے جناح کے پورٹریٹ پر اعتراض کیا تھا جس کے بعد پیداشدہ تنازعہ کے سبب دو نوجوانوں کو پرتشدد واقعات کے ضمن میں گرفتار کیا گیا تھا اور مقررہ انتخابات کو 12 مئی تک ملتوی کرنا پڑا تھا۔