علیگڑھ، 17 جون (سیاست ڈاٹ کام)علیگڑھ مسلم یونیو رسٹی نے اس ادارہ میں تعلیمی سال 2015-16 سے پیشہ وارانہ کورسیس میں داخلہ حاصل کرنے کیلئے ہونے والے امتحان کو دو مرحلے کے نظام پر مبنی کردیا ہے ، جو داخلہ ٹسٹ میں شفافیت کو بڑھانے کی کوشش ہے ۔ ترجمان اے ایم یو راحت ابرار نے بتایا کہ 2015-16 سیشن سے میڈیکل، انجینئرنگ اور گیارہویں جماعت کے کورسیس کیلئے داخلہ امتحان ابتدائی ٹسٹ اور پھر قطعی داخلہ ٹسٹ پر مشتمل ہوگا ۔ ابتدائی ٹسٹ ملک بھر کے مختلف مراکز میں منعقد کیا جائے گا جبکہ قطعی امتحان اے ایم یو کیمپس میں ہوگا ۔ اس یونیورسٹی کی اکیڈیمی کونسل کے اس فیصلے کا پس منظر سال 2015-16 کیلئے منعقدہ انٹرنس ٹسٹ برائے ایم بی بی ایس ؍ بی ڈی ایس کو منسوخ کردیا جانا ہے کیونکہ ہائی ٹیک طرز کی نقل نویسی کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔ ابرار نے کہا کہ اس فیصلہ سے بدعنوانی پر روک لگے گی ۔