نئی دہلی ۔ /6 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) جناح تنازعہ میں شامل ہوتے ہوئے مرکزی وزیر وی کے سنگھ نے آج کہا کہ جو مسلمان علیگڑھ مسلم یونیورسٹی کی دیوار پر پاکستان کے بانی محمد علی جناح کی تصویر آویزاں کررہے ہیں ۔ درحقیقت وہ اپنے آباء و اجداد کی توہین کررہے ہیں جنہوں نے ان کے علحدگی کے نظریہ کو مسترد کردیا تھا ۔ مرکزی وزیر کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے وائس چانسلر مسلم یونیورسٹی علیگڑھ نے کہا کہ یونیورسٹی کی دیوار پر تصویر آوازاں کرنے والے طلباء کو قوم دشمن قرار نہیں دیا جاسکتا ۔ مسلم یونیورسٹی کے طلباء ہمیشہ محب وطن رہے ہیں ۔ محمد علی جناح کو علیگڑھ مسلم یونیورسٹی طلباء یونین کا تاحیات رکن اس وقت بنایا گیا تھا جبکہ پاکستان کے مطالبہ کا وجود بھی نہیں تھا اور محمد علی جناح نے علی گڑھ مسلم یونیور سٹی کو خطیررقم بطورچندہ دی تھی۔چنانچہ ان کی تصویر یونیورسٹی کی یونین کے دفتر میں آویزاں کرنا قوم دشمنی قرار نہیں دی جاسکتی ۔