پٹنہ 28 جنوری (پی ٹی آئی) بہار کے چیف منسٹر نتیش کمار نے 30 جنوری کو کشن گنج میں علیگڑھ مسلم یونیورسٹی سنٹر کی افتتاحی تقریب میں ریاستی حکومت کو مدعو نہ کئے جانے پر مرکز کی سخت مذمت کی ہے اور کہاکہ یو پی اے حکومت نے ایسا کرتے ہوئے ایک غلط مثال قائم کی ہے۔ کانگریس کی صدر سونیا گاندھی توقع ہے کہ کشن گنج کے علیگڑھ مسلم یونیورسٹی سنٹر کی تعمیر کے لئے سنگ بنیاد رکھیں گی۔ اس تقریب میں گورنر ڈی وائی پاٹل کو مدعو کیا گیا ہے لیکن چیف منسٹر، ریاستی وزیر تعلیم یا کسی دوسرے ذمہ دار کو ہنوز کوئی دعوت نامہ موصول نہیں ہوا ہے اور نہ ہی اس تقریب کے بارے میں سرکاری طور پر کوئی اطلاع دی گئی ہے۔ نتیش کمار نے کہاکہ اس پروگرام میں ریاستی حکومت کو مدعو نہ کرنے مرکز کی دانستہ کوشش ایک سنگین معاملہ ہے جس کے مرکز اور ریاست تعلقات پر غلط اثرات مرتب ہوں گے۔ نتیش کمار نے عام انتخابات سے چند ماہ قبل علیگڑھ مسلم یونیورسٹی سنٹر کے افتتاح کو بے سود قرار دیا اور کہاکہ اس مرکز کے لئے ریاستی حکومت نے دو سال قبل مفت اراضی فراہم کی تھی۔
اُنھوں نے مرکز کے فیصلہ کو ’بزدلانہ‘ قرار دیا اور کہاکہ غالباً مرکز کو خوف ہے کہ اس تقریب میں ریاستی حکومت کو مدعو کیا جاتا تو اس پروگرام کا سارا کریڈٹ حکومت بہار کو جاتا جس نے مرکز کے لئے مفت اراضی فراہم کی تھی۔ چیف منسٹر نے کہاکہ ’’بہرحال مجھے خوشی ہے کہ بالآخر اس ادارہ کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے۔ اس پراجکٹ کا کون افتتاح کرتا ہے اس سے ہمیں کوئی مسئلہ نہیں ہے‘‘۔ نتیش کمار نے الزام عائد کیاکہ مرکزی حکومت انتخابات سے قبل اقلیتوں کو خوش کرنے کیلئے علیگڑھ مسلم یونیورسٹی سنٹر کا سارا کریڈٹ لینے کی کوشش کررہی ہے لیکن کانگریس کو ان کوششوں میں کامیابی نہیں ملے گی۔