نئی دہلی ۔ 10 مئی (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی حکومت ہندوستان کی تقسیم کے بارے میں ایک ’’وائیٹ پیپر‘‘ جاری کرے گی تاکہ تاریخ کو مسخ کرنے سے گریز کیا جاسکے۔ مختلف تعلیمی اداروں کے سابق طلبہ پر مشتمل ایک تنظیم نے حکومت سے آج مذکورہ وائیٹ پیپر جاری کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ علیگڑھ مسلم یونیورسٹی کا تنازعہ بانی پاکستان محمد علی جناح کی ایک تصویر کے بارے میں پیدا ہوا ہے جو علیگڑھ مسلم یونیورسٹی کے احاطہ میں آویزاں تھی۔ یونیورسٹی کو بدنام کرنے کے مقصد سے اختلافات پیدا کئے گئے۔ سابق طلبہ کے عالمی محاذ کے ترجمان بصیراحمد خان نے جو اس متحدہ محاذ کے ترجمان ہیں، ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ یہ تصویر گذشتہ 80 سال سے یونیورسٹی کی دیوار پر آویزاں ہے۔ یہ تاریخ کا ایک حصہ ہے اور اسے کوئی بھی تبدیل نہیں کرسکتا۔ سابق پرو وائس چانسلر اگنو بصیراحمد خان نے کہاکہ مرکزی حکومت کو تاریخ کو مسخ کرنے سے گریز کیلئے ایک وائیٹ پیپر برصغیرہند کی تقسیم کے بارے میں جاری کرنا چاہئے۔