نئی دہلی /27 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی جنھوں نے ایک مدبر کی حیثیت سے ہر مکتبِ فکر کے سیاسی گوشے سے وابستہ لوگوں کو اپنا گرویدہ بنائے رکھا، انھیں آج ملک کا اعلی ترین شہری اعزاز ’’بھارت رتن‘‘ یہاں ان کی قیامگاہ پر منعقدہ خصوصی تقریب میں عطا کیا گیا۔ عام طریقے سے شاذ و نادر انحراف میں صدر جمہوریہ پرنب مکرجی جو خود ویٹرن پارلیمنٹیرین ہیں، انھوں نے 80 سالہ واجپائی کی قیامگاہ واقع کرشنا مینن مارگ پہنچ کر انھیں سادہ سی تقریب میں یہ اعزاز پیش کیا۔ واجپائی تقریباً 8 سال سے پیرانہ سالی سے متعلق عارضوں کے سبب علیل ہیں اور عوامی زندگی سے دور ہیں۔ یہ مختصر تقریب منتخب شخصیتوں کی موجودگی میں ہوئی، جیسے نائب صدر حامد انصاری، وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ اور واجپائی کے قریبی ارکان خاندان بشمول ان کا متبنی داماد رنجن بھٹا چاریہ اور متبنی بیٹی نمیتا۔
بھارت رتن حاصل کرنے پر واجپائی کو سیاسی قائدین کی مبارکباد
نئی دہلی27 ۔ مارچ : ( سیاست ڈاٹ کام ) سیاسی قائدین نے پارٹی خطوط سے بالاتر ہوکر آج بھارت رتن جو ملک کا اعلیٰ ترین سیویلین ایوارڈ ہے، سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی کو عطا کئے جانے پر اُن کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ یہ بین الاقوامی سطح پر اُن کی خدمات کا اعتراف ہے۔ وہ ایک نمایاں سیاستداں اور غیرمعمولی مقرر رہے۔ واجپائی کو اُن کی قیامگاہ پر صدرجمہوریہ پرنب مکرجی نے ایوارڈ پیش کرنے کے بعد کہاکہ اٹل جی کی زندگی قوم کے لئے وقف تھی۔ اُنھوں نے ہمیشہ قوم کے بارے میں سوچا اور کروڑوں کارکنوں پر اُن کی توجہ تھی۔ اُن کی زندگی ایک سرچشمہ وجدان ہے۔ صدرجمہوریہ کے ساتھ وزیراعظم نریندر مودی بھی واجپائی کو ایوارڈ پیش کرنے پر شریک تھے۔ صدر کانگریس سونیا گاندھی نے واجپائی کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ یہ اُن کی ذہانت ، سیاسی تدبر اور قومی مفاد سے گہری وابستگی کا اعتراف ہے۔ مرکزی وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ نے کہاکہ ہمارے سابق وزیراعظم واجپائی نہ صرف ایک ہندوستانی سیاستداں بلکہ بین الاقوامی کہنہ مشق سیاستداں ہیں جن کا ہر جگہ ہر شخص احترام کرتا ہے۔ چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے آج سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی کو بھارت رتن ایوارڈ پیش کیے جانے پر مسرت کا اظہار کیا ہے اور انہیں ایک عظیم مدبر سے تعبیر کیا ہے جو کہ اس اعزاز کے مستحق ہیں ۔ واضح رہے کہ ترنمول کانگریس سربراہ واجپائی حکومت میں بحیثیت وزیر خدمات انجام دی تھیں۔ نیشنل کانفرنس لیڈر عمر عبداللہ نے آج سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی کو بھارت رتن ایوارڈ حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی ہے اور کہا کہ یہ اعزاز ان کی خدمات کا اعتراف ہے ۔ عمر عبداللہ جو کہ نیشنل کانفرنس کے کارگذار صدر ہیں واجپائی کی زیر قیادت این ڈی اے حکومت میں مملکتی وزیر خارجہ تھے ۔ انہوں نے اپنے ٹیوٹر میں بتایا کہ واجپائی کابینہ میں ایک رفیق کی حیثیت سے میں نے ان کے ساتھ چار پانچ ممالک کا دورہ کرچکا ہوں ۔ جن کی خوش اخلاقی اور خوش مزاجی سے متاثر ہوا ہوں ۔ واجپائی کو خراج تحسین پیش کرنے والوں میں مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی ، چیف منسٹر جموں و کشمیر مفتی محمد سعیدشامل تھے۔