حیدرآباد 23جنوری (یواین آئی )تلنگانہ حکومت مارچ میں علیحدہ زرعی بجٹ پیش کرنے پر غور کر رہی ہے ۔یہ بجٹ بتایا جاتا ہے کہ 50,000کروڑروپئے کا ہوگا اورملک میں کسی ریاست کا پہلا زرعی بجٹ ہوگا ۔زرعی بجٹ میں مختلف آبپاشی پروجیکٹس ،کسانوں کو رقمی امداد ،مختلف زرعی پراجکٹس پر سبسیڈی ،انشورنس پریمیم ،باغبانی کا شعبہ اور سیڈ ڈیولپمنٹ پروگرام بھی شامل ہے ۔وزیراعلی نے حال ہی میں اشارہ دیا تھا کہ ریاست میں آئندہ مالی سال سے علاحدہ زرعی بجٹ ہوگا۔انہوں نے افسروں کو ہدایت دی تھی کہ وہ تمام زرعی اور اس سے متعلق شعبوں کو اس میں شامل کرے ۔زرعی بجٹ میں آبپاشی کو شامل کرنے کے قدم پر بتایا جاتا ہے کہ آبپاشی پروجیکٹس کی تعمیر کا مقصد کسانوں کو آبپاشی کا پانی فراہم کرنا ہے اسی لئے زرعی بجٹ میں اس کو شامل کیا جائے گا۔وزیراعلی کے چندرشیکھرراو نے آئندہ خریف کے موسم سے کسانوں کو فی ایکڑ چار ہزار روپئے کی رقمی امداد کی فراہمی کا اعلان کیا ہے۔