حیدرآباد۔/30جنوری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے سربراہ چندر شیکھر راؤ نے اعلان کیا کہ آئندہ 15دن میں نئی ریاست تلنگانہ وجود میں آجائے گی اور پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں تلنگانہ بل منظور ہوجائے گا۔ تلنگانہ بھون میں آج پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ وہ کل نئی دہلی روانہ ہورہے ہیں اور پندرہ دن بعد علحدہ تلنگانہ ریاست کے حصول کے ساتھ واپس ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ آندھرا پردیش ریاست سے نئی دہلی روانہ ہورہے ہیں اور واپسی تلنگانہ ریاست میں ہوگی۔ چندر شیکھر راؤ نے پُرعزم انداز میں کہا کہ آئندہ عام انتخابات دو ریاستوں تلنگانہ اور سیما آندھرا میں ہوں گے اور کوئی بھی طاقت تلنگانہ ریاست کی تشکیل کو روک نہیں پائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ اسمبلی میں تلنگانہ بل پر مباحث کی تکمیل کے بعد دہلی میں حکومت کے اعلیٰ قائدین سے ان کی بات چیت ہوئی جنہوں نے یقین دلایا کہ تلنگانہ ریاست کے قیام میں مرکز سنجیدہ ہے اور پارلیمنٹ کے 5فبروری سے شروع ہونے والے اجلاس میں بل پاس کرلیا جائے گا۔ کے سی آر نے مرکزی قائدین کے حوالے سے کہا کہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کا عمل آئندہ دس تا پندرہ دن میں مکمل ہوجائے گا۔انہوں نے کہا کہ تلنگانہ مسودہ بل کو مسترد کرتے ہوئے ریاستی اسمبلی میں چیف منسٹر کی جانب سے پیش کردہ قرارداد کی منظوری کا ریاست کی تقسیم پر کوئی اثر نہیں پڑے گا کیونکہ دستور کی دفعہ 3کے تحت پارلیمنٹ کو ریاست کی تقسیم کا مکمل اختیار حاصل ہے۔ ریاستی اسمبلی صرف اپنی رائے کا اظہار کرسکتی ہے اور اسے نئی ریاست کی تشکیل سے متعلق بل کو قبول یا مسترد کرنے کا کوئی اختیار حاصل نہیں۔ سلسلہ صفحہ :8 پر