علیحدگی پسند قائدین کا این آئی اے ہیڈکوارٹر پر مجوزہ احتجاج

مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانا اصل مقصد ، تاجرین اور طلبہ کو ہراساں کیا جارہا ہے
سرینگر۔ 6 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) تین سرکردہ کشمیری علیحدگی پسند قائدین نے آج کہا کہ 9 ستمبر کو دہلی میں این آئی اے ہیڈکوارٹرس کے باہر احتجاجی دھرنا منظم کریں گے اور خود کو گرفتاری کیلئے پیش کریں گے۔ انہوں نے تحقیقاتی ایجنسی پر کشمیری عوام کے خلاف مذموم مہم چھیڑنے کا الزام عائد کیا۔ علیحدگی پسند قائدین جو خود کو گرفتاری کیلئے پیش کریں گے، ان میں سید علی شاہ گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور یٰسین ملک شامل ہیں۔ میر واعظ اور یٰسین ملک نے آج تاریخی جامع مسجد میں عجلت میں طلب کردہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات بتائی۔ گیلانی نے فون پر پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ این آئی اے نے حال ہی میں دہشت گردی کی حوصلہ افزائی اور فنڈس اکٹھا کرنے کے مختلف معاملات میں علیحدگی پسند قائدین کو نشانہ بنایا اور ان سے تعلق رکھنے والے مختلف افراد کی رہائش گاہوں پر بھی دھاوے کئے۔ قائدین نے کہا کہ حکومت ہمیں، تاجرین اور طلبہ کو ہراساں کرنے کیلئے این آئی اے کا بے جا استعمال کررہی ہے۔ علیحدگی پسند قائدین اور کشمیر کے تاجرین کے خلاف این آئی اے تحقیقات صرف اور صرف مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔