علیحدگی پسندوں کی سوچ میں تبدیلی ضروری

نئی دہلی ۔ یکم جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) سینئر بی جے پی لیڈر مختار عباس نقوی نے آج کہا کہ علیحدگی پسندوں کو جموں و کشمیر میں ایک علیحدہ ملک تشکیل دینے کے خواب سے دستبردار ہوجانا چاہئے کیونکہ یہ خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا ۔ انہوں نے علیحدگی پسندوں سے اپنی سوچ بدلنے پر زور دیا ۔ بی جے پی نائب صدر نے یہاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جہاں تک علیحدگی پسندوں کا تعلق ہے انہیں جموں و کشمیر میں ایک علیحدہ ملک قائم کرنے کی اپنی سوچ کو بدلنے کی ضرورت ہے ۔ ایک نیا ملک تشکیل دینے ان کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا ۔ مسٹر نقوی نے کہا کہ علیحدگی پسند قائدین کو یہ حقیقت قبول کرنی چاہئے کہ مرکز میں حکومت بدل گئی ہے اور انہیں اب اپنی سرگرمیاں بند کردینی ہونگی ۔ سرحد پار سے ہونے والی دہشت گردی کو ختم کرنے کی ضررت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک جانب دہشت گردی ہے تو دوسری جانب دوستی اور امن کے پھولوں کا ہاتھ ہے ۔

یہ دونوں ایک ساتھ نہیں چل سکتے ۔ دستور ہند کے دفعہ 370 کے تعلق سے ان کی پارٹی کے موقف پر سوال کا جواب دیتے ہوئے مسٹر نقوی نے کہا کہ ہم نے اپنے انتخابی منشور میں یہ واضح طور پر کہدیا تھا کہ اس طرح کے تمام مسائل کو دستور کے دائرہ کار میں حل کیا جائیگا ۔ بی جے پی لیڈر نے کہا کہ ان کی پارٹی جموں و کشمیر کے اسمبلی انتخابات میں ترقی کے ایجنڈہ پر ہی مقابلہ کریگی ۔ انہوں نے کہا کہ جہاں تک اصل مسئلہ کا سوال ہے یہ ترقی کا ہونا چاہئے اور نچلی سطح تک عوام کو اختیارات سونپے جانے چاہئیں۔ قیمتوں میں اضآفہ کے تعلق سے انہوں نے کہا کہ نریندر مودی حکومت اس تعلق سے سنجیدہ ہے اور قیمتوں کو کم کرنے کیلئے یقینی طور پر اقدامات کئے جائیں گے۔حکومت اس سلسلہ میں خاموش نہیں بیٹھے گی بلکہ عوام کو راحت دینے اقدامات کئے جائیں گے ۔