جموں۔29 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام)جموں و کشمیر کے ’’یوم الحاق‘‘ کی سالگرہ پر علیحدگی پسندوں کی ہڑتال کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے وی ایچ پی نے آج کہا کہ انہیں مخالف قوم سرگرمیوں سے گریز کرنا چاہئے۔ ساتھ ہی ساتھ حکومت سے بھی ان تمام کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ وی ایچ پی کے ریاستی صدر رماکانت دوبے نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم علیحدگی پسندوں کو مخالف قوم سرگرمیوں کے خلاف خبردار کرتے ہیں۔ انہوں نے وادی کی یوم الحاق کی سالگرہ کے موقع پر ہڑتال منائی تھی اس کی وجہ سے 27 اکٹوبر کو کشمیر میں عام سرگرمیاں بری طرح متاثر رہیں۔ علیحدگی پسندوں نے 1947 ء میں اسی دن فوج کی وادی میں تعیناتی کے خلاف یہ احتجاج کیا تھا۔ رماکانت دوبے نے حکومت سے بھی اپیل کی ہے کہ ان مخالف قوم عناصر کو ریاست سے نکال باہر کرے تاکہ انہیں سبق سکھایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں کوئی بھی ملک مخالف قوم سرگرمیوں کو برداشت نہیں کرتا اور انہوں نے واضح کیا کہ جموں و کشمیر ملک کا اٹوٹ حصہ برقرار رہے گا۔