علیحدگی پسندوں کو سخت جواب دینے یوکرین کا اعلان

کیف۔ 15؍جون (سیاست ڈاٹ کام)۔ یوکرین کے نومنتخب صدر پیٹرو پورو شینکو نے روس نواز علیحدگی پسندوں کو سخت جواب دینے کا اعلان کیا ہے۔ مشرقی یوکرین میں روس نواز مسلح باغیوں نے فوج کا ایک طیارہ مار گرایا تھا جس کے نتیجہ میں کم از کم 49 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ پورو شینکو نے کہا ہے کہ متاثرہ علاقہ میں حکومتی فورسس نے باغیوں کے خلاف آپریشن تیز تر کردیا ہے۔ دریں اثنا جرمن چانسلر انجیلا میرکل اور صدر فرانس فرینکوئی اولاند نے روسی صدر ولادیمیر پوٹن سے ٹیلی فون پر بات کرتے ہوئے اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے یوکرین میں جلد از جلد جنگ بندی پر زور دیا۔ واشنگٹن سے موصولہ اطلاع کے بموجب امریکہ نے کیف کے روسی سفارت خانہ پر حملہ کی مذمت کرتے ہوئے حکومت یوکرین سے خواہش کی ہے کہ سفارت خانوں کو کافی تحفظ فراہم کیا جائے۔ وزارت خارجہ امریکہ کی ایک ترجمان جین ساکی نے آج اپنی پریس کانفرنس میں اس کا انکشاف کیا۔