حریت قائدین پاکستان کی کٹھ پتلیاں۔ بی جے پی کا الزام
جموں 25 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) کشمیری علیحدگی پسندوں کو پاکستان کی کٹھ پتلیاں قرار دیتے ہوئے بی جے پی نے آج کہا کہ حریت قیادت کے ساتھ بات چیت کی کوئی ضرورت نہیں ہے جو کشمیر کو مسائل کا شکار کرنے سرگرم ہے ۔ بی جے پی کے ریاستی ترجمان وریندر گپتا نے کہا کہ علیحدگی پسندوں جیسے سید علی شاہ گیلانی ‘ میر واعظ عمر فاروق اور یسین ملک جیسے قائدین سے بات چیت کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے جو نہ صرف وادی کشمیر میں موجودہ صورتحال کیلئے ذمہ دار ہیں بلکہ وہ پاکستان کی کٹھ پتلیوں جیسا رول ادا کر رہے ہیں تاکہ کشمیر میںمسلسل مسئلہ رہے ۔ انہوں نے کہا کہ علیحدگی پسندوں کی جانب سے پاکستان کو فائدہ پہونچانے کام کیا جا رہا ہے اور یہ سب کچھ ہندوستان کی سالمیت کے مفاد کے مغائر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان قائدین کے خلاف کئی مقدمات درج ہیں جن میں فوجی جوانوں ‘ سکیوریٹی اہلکاروں کے قتل اور موافق ہندوستان عناصر کو نشانہ بنانا بھی شامل ہے ۔ اس کے علاوہ وہ کشمیری پنڈتوں کو وادی سے بھگانے کے بھی ذمہ دار ہیں ۔ وہ دیگر اقلیتی برادریوں کو بھی نشانہ بنا رہے ہیں۔ مسٹر گپتا نے کہا کہ علیحدگی پسندوں نے ہندوستان کے خلاف جنگ شروع کر رکھی ہے اور یہ پاکستان کی ایما پر کیا جا رہا ہے ۔وہ چاہتے ہیں کہ کشمیر کو پاکستان کا حصہ بنا دیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ علیحدگی پسندوں کے خلاف مقدمات کی زبردست پیروی کی جائے ۔ وادی میں امن بحال کرنے کیلئے ایسا کرنا ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کیلئے جموں علاقہ ‘ وادی کشمیر ‘ لداخ علاقہ کے عوام ‘ کشمیری پنڈتوں اور مقبوضہ کشمیر کے بے گھر افراد سے بات چیت کی جانی چاہئے ۔