علم

کھلونے مجھ کو پیارے ہیں
مگر ان سب سے پیارا ہے
وہ اِک چھوٹی سی دنیا ہے
بھلا بوجھو تو وہ کیا ہے؟
جو بوجھو تم تو میں جانوں
لو، میں خود ہی بتاتا ہوں
وہ میرا پیارا بستہ ہے
کھلونوں سے بھی پیارا ہے
کتابیں ، اس میں رکھی ہیں
حفاظت اس کی کرتا ہوں
ہیں اس میں کاپیاں میری
قلم بھی اور پینسل بھی
یہ سب کچھ ، مجھ کو پیارا ہے
یہ کیسی پیاری دنیا ہے
کتابیں اچھی اچھی ہیں
یہ مجھ سے باتیں کرتی ہیں
مجھے کیا کچھ سکھاتی ہیں
نئی باتیں بتاتی ہیں
قلم سے اور پینسل سے
جو پڑھتا ہوں، وہ لکھتا ہوں
وہ پیاری کاپیاں میری
میں ان پر کام کرتا ہوں
یہ سب کچھ، کیوں نہ ہو پیارا
ان ہی سے علم ملتا ہے
ان ہی سے آدمی اِک دن
بھلا انسان ، بنتا ہے
ہے مجھ کو علم سے اُلفت
یہی دولت ، یہی عزت