علم کا سیکھنا ایک مسلسل عمل ہے

IGNOU کے کانوکیشن سے ایم وینکیا نائیڈو اور دیگر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 3 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : اندرا گاندھی نیشنل اوپن یونیورسٹی
(IGNOU)
کے 32 ویں کانوکیشن کا آج بابا صاحب امبیڈکر کنونشن سنٹر ،
IGNOU
کیمپس پر انعقاد عمل میں آیا ۔ جس میں اس یونیورسٹی نے اس کانوکیشن میں متعلقہ پروگرامس میں کامیاب طلبہ کو 2 لاکھ ڈگریز ، ڈپلوماس اور سرٹیفیکٹس عطا کئے۔ اس کنونشن میں 70 میرٹ طلبہ کو گولڈ میڈلس بھی عطا کئے گئے ۔ نائب صدر
جمہوریہ ہند ایم وینکیا نائیڈو مہمان خصوصی تھے اور انہوں نے 32 واں کانوکیشن خطبہ دیا جسے حیدرآباد میں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ ٹیلی کاسٹ کیا گیا ۔ مسٹر نائیڈو نے یونیورسٹی کی سرگرمیوں کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ
IGNOU
نے کئی طلبہ کے لیے علم کے حصول کی راہ ہموار کی اور تعلیم کو ان کے لیے قابل رسا بنایا جو اعلیٰ تعلیم کے اداروں میں تعلیم حاصل کرنے سے قاصر تھے ۔ نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ تعلیمی ڈگری حاصل کرنے ساتھ حصول علم کا سلسلہ ختم نہیں ہوتا ہے بلکہ علم حاصل کرنا اور سیکھنا ایک مسلسل عمل ہے ۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ہندوستان کو ایک نالج اینڈ انویشن ہب بنانے میں اپنا رول ادا کریں ۔ اس کانوکیشن سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ناگیشور راؤ ، وائس چانسلر ، آئی این جی او یو نے کہا کہ یونیورسٹی اب کئی نئے تعلیمی اور ٹکنالوجیکل پروگرامس متعارف کرنے کے عمل میں ہے ۔ یونیورسٹی اس کے بیچلر ڈگری پروگرام کو از سر نو ڈیزائن کرنے پر کام کررہی ہے ۔ ڈاکٹر ایس فیاض احمد ، ریجنل ڈائرکٹر ،
IGNOU
ریجنل سنٹر جوبلی ہلز ، حیدرآباد نے سالانہ رپورٹ پیش کی اور اس سنٹر کی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی ۔ اس موقع پر انہوں نے اس یونیورسٹی کے ریجنل سنٹر حیدرآباد سے مختلف کورسیس کی تکمیل اور کامیابی حاصل کرنے والے 1519 طلبہ کو مبارکباد دی ۔ پروفیسر ای سریش کمار ، وائس چانسلر ، انگلش اینڈ فارن لینگویجس یونیورسٹی ، حیدرآباد نے اس موقع پر مخاطب کرتے ہوئے طلبہ کو مثبت سوچ پیدا کرنے اور منفی سوچ سے اجتناب کرنے کا مشورہ دیا ۔ کانوکیشن ( جلسہ تقسیم اسناد ) کی یہ تقریب ملک بھر میں 53 ریجنل سنٹرس پر بیک وقت منعقد ہوئی جب کہ اصل تقریب ہیڈ کوارٹرس پر منعقد ہوئی ۔۔