علم روشنی ، جہالت اندھیرا ، بچوں کو دینی تعلیم سکھانے پر زور

انجمن قادریہ کے مقابلہ قرات و نعت کا آغاز ، مولانا سید متین علی شاہ قادری و دیگر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 27 ۔ جنوری : ( پریس نوٹ) : قرآن مجید کو تجوید کے ساتھ پڑھیں ۔ قرآن مجید کی محض تلاوت ہی نہیں بلکہ سمجھنا ضروری ہے ۔ قرآن کریم کی بکثرت تلاوت سے قلوب منور ہوتے ہیں ۔ دینی تعلیم معاشرہ کے سدھار کے لیے نہایت اہم ذریعہ ہے ۔ ان خیالات کا اظہار مولانا سید متین علی شاہ قادری ناظم اعلیٰ مدرسہ رحمت العلوم و صدر آل انڈیا قرات اکیڈیمی نے کل مرکزی انجمن قادریہ کے زیر اہتمام منعقدہ مقابلہ قرات و نعت شریف بضمن 56 ویں سالانہ مرکزی دینی تعلیمی ریالی کے موقع پر منعقدہ مقابلہ جات احاطہ مدرسہ رحمت العلوم قلعہ گولکنڈہ میں خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ مولانا سید حامد محمد قادری افتخار پاشاہ صدر مرکزی انجمن قادریہ نے کہا کہ علم روشنی ہے اور جہالت اندھیرا ہے ۔ حضور اکرم ؐ نے حصول تعلیم کو فرض قرار دیا ۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو دینی تعلیم سے واقف کرائیں ۔ افتخار پاشاہ نے دینی تعلیمی ریالی کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ نئی نسل میں دینی تعلیمی شعور بیدار کرنا ہے اور عقائد صحیحہ سے واقفیت اور گمراہی سے بچانا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج سے 6 سال قبل حضرت مجاہد اسلام سید محمد قادریؒ نے اس کی بنیاد ڈالی تھی جو آج ایک تحریک کی شکل اختیار کر گئی ۔ مقابلہ جات کا آغاز قاری سید نور محمد شاہ قادری کی قرات کلام پاک اور سید دلاور علی شاہ قادری بلال کی نعت شریف سے ہوا ۔ اس موقع پر مولانا سید کاظم حسینی حیدر پاشاہ ( قادری چمن ) مولانا سید محمد مجتبیٰ قادری ، جناب غلام محی الدین خان پاشاہ بھائی ، جناب عزیز خان پٹھان ، قاری سید حمید الدین ، حافظ و قاری خالد بن سعید بانجاح ، حافظ و قاری محمد ایوب قادری نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی ۔ 90 سے زائد مختلف اسکول و مدارس کے طلباء وطالبات نے شرکت کی ۔۔