علم اسلام کی زندگی اور دین کا ستون ہے

جامعہ نظامیہ کو عارف باللہ شیخ الاسلام حضرت علامہ حافظ محمد انواراللہ فاروقی فضیلت جنگ علیہ الرحمۃ نے ۱۲۹۲ھ م ۱۸۷۲ء میں تقوی و توکل کی اساس پر علم دین کی اشاعت کیلئے قائم فرمایا ۔ یہ ایک اقامتی دینی درسگاہ ہے ۔ جو علم دین کی تعلیم و اشاعت میں مصروف ہے ۔ اس مرکزی درس گاہ سے لاکھوں طالبان علم فیض یاب ہوئے۔ ان شاء اللہ العزیز تا قیام قیامت اس کا علمی فیض جاری و ساری رہے گا ۔

جامعہ نظامیہ اور بارگاہ نبوت : اس درسگاہ کی عظمت اور مقبولیت کا اس خواب سے انداز کیا جاسکتا ہے کہ ۲۲ ذوالحجہ ۱۳۲۱ھ جامعہ کے جلسہ تقسیم اسناد میں مشاہیر علماء و مشائخ علم دوست اصحاب شریک تھے ۔ حضرت مولانا عبدالصمد قندھاری اپنے دست مبارک سے اسناد تقسیم فر ما رہے تھے ۔ جلسہ میں مولانا مفتی رکن الدین صاحب نے فضیلت علم پر تقریر کی اور حضرت مولانا شاہ عبدالحق صاحب مصنف تفسیر حقانی نے تعلیم علوم دینیہ کی ضرورت اور اہمیت پر بڑی عالمانہ تقریر کی۔ اس شب حضرت مولانا شرف الدین صاحب ردولوی نے عالم رویاء میں دیکھا کہ حضور ختم المرسلین رحمۃ للعالمین سرور کائنات معلم کتاب و حکمت محمد رسول اللہ ﷺ ارواحنا فداہ برآمد ہیں اور اسناد کو اپنے دستخط خاص سے مزیں فرمانے کیلئے طلب فرما رہے ہیں ۔ چنانچہ منتظم مدرسہ سندیں لے کر حاضر ہوئے ۔ یہ بشارت تمام وابستگان نظامیہ کیلئے ہے کہ ان کی سعی قبول بارگاہ حضور رحمۃ للعالمین ہوئی ۔ اس مبارک و مسعود خواب کو حضرت شیخ الاسلام بانی جامعہ نے اپنے مضمون ’’نصاب تعلیم ‘‘ میں ذکر فرمایا جو مجلس ندوۃ العلماء کے ماہنامہ علمی رسالہ ’’ الندوۃ ‘‘ شعبان ۱۳۲۲ھ میں طبع ہوا۔ اس بشارت اور برکات کا نتیجہ ہے کہ جامعہ سے ایسے ایسے علماء پیدا ہوئے جو اپنے علمی کارناموں درس و تدریس ‘ مواعظ و نصائح ‘ تصنیف و تالیف اور تصحیح و تعلیق کے ذریعہ ہند و بیرون ہند اسلام اور مسلمانوں کی بے لوث خدمات انجام دیتے رہے اور دیتے جا رہے ہیں۔ ان علماء نے ہمیشہ حضرت بانی جامعہ قدس سرہ کے مسلک اعتدال کو جو اسلام کی بنیادی خصوصیت ہے حرز جان بنا رکھا ہے۔ دین کی توضیح اور ترجمانی میں حکمت اور موعظت کو شعار بنایا ۔غلو اور افراط و تفریط سے اپنے کو بچائے رکھا۔ آج علمی و دینی بصیرت اور خاص کر فکر و نظر میں توازن نہ ہونے کی وجہ ملت میں مختلف خرابیاں پیدا ہوگئی ہیں ۔ اس کے سد باب کیلئے ضروری ہے کہ جامعہ نظامیہ کے فیضان اور اس کے مسلک اعتدال کو عام کیا جائے ۔ تاکہ مذہب اور مسلک وغیرہ کے نام پر روز کے جھگڑے ‘ باہمی نفرت اور بگاڑ مسلم معاشرہ سے ختم ہوجائے اور سارے اہل ایمان و اسلام میں باہمی اتحاد و اتفاق قائم ہو ۔

دارالافتاء : جامعہ نظامیہ میں قدیم سے دارالافتاء قائم ہے ۔ اس کے ذریعہ تمام دینی و شرعی مسائل میں ملت کی رہنمائی کی جاتی ہے ۔ دارالافتاء کے فتوے ملک اور ریاست کی جملہ چھوٹی بڑی عدالتوں میں مستند اور معتبر تسلیم کئے جاتے ہیں ۔ فتوے شیوخ جامعہ کی تصویب اور تصدیق کے بعد جاری کئے جاتے ہیں ۔ دارالافتاء میں صدر مفتی ‘ نائب مفتی اور ایک مبیضہ نویس مامور ہیں ۔ ہزاروں باقاعدہ فتوے دارالافتاء سے جاری ہوتے ہیں ۔ اس کے علاوہ ضرورت منداصحاب غیر تحریری فتوے بھی حاصل کرتے ہیں اور ان کی روشنی میں اپنے مسائل اور نزاعات کی یکسوئی کرلیا کرتے ہیں ۔ الحمد للہ دارالافتاء جامعہ نظامیہ انٹرنیٹ سے مربوط ہے انٹرنیٹ fatwa@jamianizamia.org fatwajamianizamia@yahoo.ocm پر سوالات کے جوابات دیئے جاتے ہیں-

کتب خانہ: جامعہ کا ایک بہت بڑا کتب خانہ عربی ‘ فارسی ‘ اردو وغیرہ مختلف زبانوں میں علوم دینیہ اور فنون اسلامیہ کی مخطوطہ کتابوں پر مشتمل ایک عظیم اور بیش قیمت ذخیرہ ہے ۔ کتب خانہ میں مطبوعات اور مخطوطات کے دو علحدہ شعبے ہیں ۔مصاحف شریفہ ‘ تفاسیر ‘ تجوید ‘ حدیث ‘ فرائض ‘ عقائد و کلام تصوف و اخلاقی تذکرہ ‘ طب ‘ ادب ‘ بلاغت ‘ لغت صرف و نحو ‘ عروض و قوافی ‘ حکمت و فلسفہ ‘ منطق ‘ مناظرہ اور اوراد ‘وظائف ‘ ادعیہ ‘ جغرافیہ‘ حساب والجبراء ‘ اخبار و مجلات وغیرہ نیز قدیم مخطوطات کا ایک نایاب ذخیرہ موجود ہے ۔ علاوہ بریں حضرت بانی جامعہ کے قلم مبارک سے لکھے ہوئے بعض مسودات کتب خانہ جامعہ میں موجود ہیں ۔کتب عربی ( ۷۰۰۰) کتب فارسی (۳۶۰۰) کتب اردو (۱۰۵۰۰) کتب درسیات (۸۵۲۰) مخطوطات (۱۰۴۰) مجلات و رسائل (۶۰۲۰) ۔ ہر سال کتب میں اضافہ ہوتا ہے ۔
الحمد للہ، جامعہ نظامیہ کو عارف باللہ شیخ الاسلام حضرت العلام مولانا حافظ محمد انوار اللہ فاروقی فضیلت جنگ علیہ الرحمۃ والرضوان نے بہ اشارہ نبوی صلی اللہ تعا لیٰ علیہ وسلم ۱۲۹۲ھ میں تقویٰ وتوکل کے اساس پر قائم فرمایا ۔ یہ ایک اقامتی دینی درسگاہ ہے جو (۱۴۳) سال سے علم دین کی تعلیم واشاعت میں مصروف ہے ۔دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس سرچشم عمل و عرفاں کو تاقیام شمس وقمر قائم رکھے ۔ آمین ۔
رقوم زکوٰۃ و عطایا معزز اراکین مجلس انتظامی اصحاب مجاز اور راست دفتر معتمدی جامعہ نظامیہ شبلی گنج ‘ حیدرآباد ۔ ۶۴ پرباخذ رسید مہرہ زدہ دستخطی معتمد صاحب جامعہ جمع کی جاسکتی ہیں- چیک اور ڈرافٹ پر ’’ جامعہ نظامیہ حیدرآباد ‘‘ تحریر فرما کر کراس ((Cross کردیں ۔
مزید معلومات کیلئے ان نمبرات پر رابط پیدا کریں۔
۲۴۵۷۶۷۷۲۔۰۴۰ ۲۴۴۱۶۸۴۷۔۰۴۰