حیدرآباد۔/4مارچ، ( این ایس ایس ) تلنگانہ کے وزیر قانون و ہندو اوقاف اندرا کرن ریڈی نے آج کہاکہ ہائی کورٹ کی تقسیم کے مسئلہ کو ریاستی حکومت نے مرکز سے رجوع کیا ہے۔ اس کے علاوہ ٹی آر ایس ارکان پارلیمنٹ نے پارلیمنٹ میں بھی یہ مسئلہ اٹھایا۔ سکریٹریٹ میں آج ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ریاستی حکومت ضرورت پڑنے پر ہائی کورٹ کیلئے اراضی بھی مختص کرے گی۔ اس ضمن میں قطعی فیصلہ مرکز کو کرنا ہے اور ریاستی حکومت مسلسل دباؤ برقرار رکھے ہوئے ہے۔ آج تلنگانہ ایڈوکیٹس جے اے سی نے اندرا کرن ریڈی سے ملاقات کرتے ہوئے اس ضمن میں نمائندگی کی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے گورنر ای ایس ایل نرسمہن سے بھی بات چیت کی ہے اور امکان ہے کہ مرکز بہت جلد اس معاملہ میں فیصلہ کرے گا۔ ہائی کورٹ کی تقسیم میں تاخیر کی بنا عوامی تشویش سے حکومت بخوبی واقف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس ارکان پارلیمنٹ نے یہ مسئلہ پارلیمنٹ میں اٹھایا ہے۔واضح رہے کہ علیحدہ تلنگانہ ہائی کورٹ کا مطالبہ کرتے ہوئے وکلا عدالتی کارروائیوں کا بائیکاٹ کررہے ہیں اس کی وجہ سے عدلیہ میں روزمرہ کی سماعت اور دیگر کارروائیاں کافی متاثر ہورہی ہیں۔