علحدہ ریاست ودربھا کے مطالبہ پر احتجاجی تحریک

ہم خیال تنظیموں کی رابطہ کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ
ناگپور ۔ 28 ۔ مارچ : ( سیاست ڈاٹ کام ) : علحدہ ریاست ودربھا کے مطالبہ میں شدت پیدا کرتے ہوئے مہاراشٹرا کے سابق ایڈوکیٹ جنرل شری ہری اینے اور سابق ایم پی دتہ میگھے نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ بڑی تنظیموں پر مشتمل ایک رابطہ کمیٹی تشکیل دی جائے تاکہ ایک زبردست احتجاجی تحریک شروع کی جائے ۔ انیے (Aney) نے کل میگھے سے ان کی قیام گاہ پر ملاقات کی اور اس مسئلہ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔ واضح رہے کہ اینے نے علحدہ ریاست مراہٹواڑہ کی حمایت پر تنازغہ کے بعد گذشتہ ہفتہ ایڈوکیٹ جنرل کے عہدہ سے استعفیٰ دیدیا تھا جبکہ ضلع اور تعلقہ سطح پر سلسلہ وار عوامی اجتماعات کو مخاطب کررہے ہیں ۔ دتہ میگھے نے بتایا کہ علحدہ ریاست ودربھا کے مطالبہ پر تحریک چلانے 8 اپریل کو ایک اجلاس طلب کیا گیا جس میں ودربھا پردیش وکاس پریشد ، جن مورچہ اور ودربھا اکنامک ڈیولپمنٹ کونسل پر مشتمل ایک رابطہ کمیٹی تشکیل دی جائے گی ۔ این سی پی سے وابستہ سابق راجیہ سبھا ایم پی جو کہ اس مطالبہ پر نئی دہلی میں 31 مارچ کو دھرنا میں شریک ہونے والے تھے ان کی جگہ سری ہری اینے نمائندگی کریں گے اور بی ایس پی ، عاپ اور جے ڈی ( یو ) کے مرکزی قائدین سے ملاقات کر کے علحدہ ریاست ودربھا کے لیے تائید حاصل کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ابتداء میں عوام سے ملاقات کر کے شعور بیدار کیا جائے گا اور بعد ازاں احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی ۔۔