علحدہ ریاست ودربھا کیلئے پرزور ایجی ٹیشن کی ضرورت

آر پی آئی ( اے ) سربراہ رام داس اتھاوالے کا بیان
حیدرآباد۔/22جنوری، ( پی ٹی آئی) آر پی آئی ( اے ) سربراہ رام داس اتھاوالے نے آج کہا کہ علحدہ ودربھا ریاست کے قیام کیلئے ایک پرزور ایجی ٹیشن کی ضرورت ہے کیونکہ حکومتیں پرامن مطالبات کو نہیں سنتی ہیں۔ اتھاوالے نے یہاں کہا کہ ’’ مہاراشٹرا میں سے علحدہ ریاست ودربھا تشکیل دینے کا مطالبہ کافی عرصہ دراز سے کیا جارہا ہے۔ ودربھا علاقہ کے عوام علحدہ ریاست چاہتے ہیں۔ بی جے پی بھی جب وہ اقتدار پر نہیں تھی، علحدہ ریاست ودربھا کے قیام کی وکالت کرتی رہی ہے اور ہم بی جے پی حکومت سے اپیل کرتے ہیں کہ علحدہ ریاست ودربھا تشکیل دی جائے۔ ہم بھی اس سلسلہ میں تمام تر کوششیں کریں گے۔‘‘ مسلسل ایجی ٹیشن کے بعد علحدہ ریاست تلنگانہ کے قیام کا تذکرہ کرتے ہوئے مرکزی وزیر نے کہا کہ ’’ اس علاقہ کے عوام اس طرح کا احتجاج نہیں کررہے ہیں جیسے تلنگانہ میں ہوا ہے۔ وہ ایجی ٹیشن شروع کرسکتے ہیں لیکن وہ ان کے مطالبہ کو منوانے کیلئے پرامن احتجاج کی راہ اپنائے ہوئے ہیں لیکن اب اس مہم  میں تیزی اور شدت لانے کی ضرورت ہے کیونکہ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ حکومت ان کے پرامن مطالبات کو نہیں سنتی ہے۔‘‘  اتھاوالے نے مزید کہا کہ ان کی پارٹی اتر پردیش میں سے دور ریاستوں کی تشکیل کے مطالبہ کی بھی تائید و حمایت کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتر پردیش میں سماج وادی پارٹی میں رونما حالیہ اختلافات سے اس ریاست میں آئندہ منعقد ہونے والے اسمبلی انتخابات میں یقیناً بی جے پی کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اگرچیکہ اب اختلافات ختم ہوگئے ہیں تاہم سماج وادی پارٹی کا امیج آج اچھا نہیں ہے لہذا اس کی وجہ بی جے پی کو فائدہ ہوگا۔ اقتدار بی جے پی کے ہاتھوں میں آئے گا۔ این ڈی اے کی حلیف آر پی آئی ( اے ) کی جانب سے اتر پردیش اسمبلی انتخابات میں 150نشستوں پر امیدواروں کو میدان میں اتارا جارہا ہے۔ اتھاوالے نے کہا کہ اتر پردیش میں بی جے پی کے ساتھ اتحاد نہیں ہوا ہے اس لئے ہم 150 حلقوں میں امیدواروں کو اتاررہے ہیں جبکہ دوسرے حلقوں میں پارٹی بی جے پی کی تائید کرے گی۔ بی ایس پی کو اترپردیش میں ایک مضبوط پارٹی تسلیم کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مایاوتی کو دلت ووٹس پر کوئی حق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ منعقد ہونے والے انتخابات میں آر پی آئی ( اے ) کا مظاہرہ اچھا ہوگا، اور کہا کہ بی ایس پی کے بعض قائدین ان کی پارٹی میں شمولیت اختیار کرچکے ہیں۔ اتھاوالے نے کہا کہ آر پی آئی ( اے ) کا کل ہند کنونشن 29 اور 30 جنوری کو بنگلورو میں منعقد ہوگا۔