علحدہ تلنگانہ ہائی کورٹ کے احتجاج میں شدت

پولیس کی سخت چوکسی ، وکلاء کیلئے داخلہ شناختی کارڈ
حیدرآباد /2 مارچ ( سیاست نیوز ) ریاست تلنگانہ میں علحدہ ہائی کورٹ کے قیام کا مطالبہ زور پکڑتا جارہا ہے اور ریاست بھر میں وکلاء برادری کا احتجاج جاری ہے ۔ گذشتہ روز ضلع رنگاریڈی میں وکلاء کا احتجاج جو اچانک پرتشدد رخ اختیار کرگیا تھا ۔ اس کے پیش نظر پولیس نے حیدرآباد و رنگاریڈی کی عدالتوں میں سخت چوکسی بڑھادی اور آج وکلاء کو عدالتوں میں داخلہ کیلئے اپنا شناختی کارڈ بنانا پڑا ۔ ججس پر مبینہ حملہ اور پرتشدد احتجاج کی اطلاعات پر پولیس نے عدالتوں کے احاطہ میں سخت چوکسی بڑھادی اور آج ضلع رنگاریڈی کورٹ کامپلکس میں تقریباً 300 پولیس ملازمین کو تعینات کیا گیا جبکہ وکلاء کے احتجاج اور برہمی کو دیکھتے ہوئے جوائنٹ کمشنر سائبرآباد نے از خود صیانتی انتظامات کا جائزہ لیا ۔ وکلاء جو اپنے مطالبہ پر اٹل تھے اور احتجاج میں شدت پیدا کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے ۔ ضلع رنگاریڈی کورٹ کامپلکس اور حیدرآباد سٹی سیول کورٹ میں وکلاء کے احتجاج اور پولیس بندوبست کے دوران پولیس اور وکلاء میں ایک وقت کشیدگی کی صورتحال پیدا ہوگئی تھی ۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز رنگاریڈی کورٹ کامپلکس میں تلنگانہ کے وکلاء نے آندھرائی وکلاء کو اپنی برہمی کا نشانہ بنایا تھا اوراب تازہ اطلاعات کے مطابق ججس کے خلاف بھی مظاہرہ ہوسکتے ہیں ۔ پولیس نے چوکسی میں اضافہ کردیا ہے تاہم آج وکلاء کا احتجاج پرامن طور پر جاری رہا ۔