ٹی آر ایس کے ارکان انگلی کٹا کر شہیدوں میں شامل ، مرکزی وزیر جئے رام رمیش کا دعویٰ
حیدرآباد ۔ 11 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : مرکزی وزیر جئے رام رمیش نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ کی تحریک میں کانگریس کے ارکان پارلیمنٹ نے غیر معمولی رول ادا کیا جب کہ ٹی آر ایس کے ارکان پارلیمنٹ نے انگلی کٹا کر شہیدوں میں شامل ہونے کی کوشش کی ۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل میں کلیدی رول ادا کرنے والے مرکزی وزیر مسٹر جئے رام رمیش گذشتہ 4 دن سے حیدرآباد میں کیمپ کئے ہوئے ہیں ۔ وہ تلنگانہ کے تمام 10 اضلاع کے قائدین سے رابطہ پیدا کرتے ہوئے انتخابی مہم کی کامیابی کے امکانات تازہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے پارٹی کے باغی امیدواروں کو انتخابی میدان سے دستبردار کرانے کے لیے پارٹی قائدین سے دباؤ ڈالنے کے ساتھ ساتھ خود ان سے ٹیلی فون پر بات چیت کررہے ہیں ۔ انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تحریک تلنگانہ کی نمائندگی کرنے والے کانگریس کے ارکان پارلیمنٹ نے چلائی ہے جو ناقابل فراموش ہے ۔ حیدرآباد اور تلنگانہ کے تمام اضلاع میں احتجاجی دھرنوں میں حصہ ، جیلوں میں قید ہوئے پارلیمنٹ میں احتجاج کیا ۔ اس کا بغور جائزہ لینے کے بعد کانگریس کی صدر مسز سونیا گاندھی نے علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دیا ۔ تشکیل دینے سے قبل تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیا یہ اور بات ہے کہ تلگو دیشم اور وائی ایس آر کانگریس پارٹی اپنے وعدے پر قائم نہیں رہے ۔ لیکن عوام سے کئے گئے وعدے کو پورا کرتے ہوئے صدر کانگریس مسز سونیا گاندھی نے علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دیا ہے ۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل میں ٹی آر ایس کے ارکان پارلیمنٹ کا کوئی رول نہیں ہے ۔ وہ انگلی کٹا کر شہیدوں میں شامل ہونے کی کوشش کررہے ہیں ۔ تشکیل تلنگانہ ریاست کے عمل اور پیش آئے واقعات سے تلنگانہ کے عوام بخوبی واقف ہے اور وہ انتخابات میں کانگریس پارٹی کا ہی ساتھ دیں گے ۔ علحدہ تلنگانہ ریاست میں پہلی حکومت کانگریس کی ہی بنے گی ۔ انہوں نے کہا کہ علاقہ تلنگانہ میں ملک کا سب سے بڑا برقی پلانٹ قائم کیا جائے گا اور علاقہ تلنگانہ میں کمپنیوں کے قیام اور سرمایہ کاری کے لیے رعایتیں دی جائیں گی ۔۔