2 جون کو دفاتر پر جشن تلنگانہ تقاریب ، صدر ٹی این جی اوز رویندر ریڈی کا خطاب
حیدرآباد۔28مئی(سیاست نیوز)حکومت تلنگانہ کے مجوزہ جشن تلنگانہ میں سرکاری ملازمین کی حصہ داری کو یقینی بنانے اور ریاست کے تمام سرکاری دفاتر میں2جون کو بڑے پیمانے پر جشن تلنگانہ منعقد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے صدر تلنگانہ گزیٹیڈ افیسرس اسوسیشن مسٹر رویندر ریڈی نے کہاکہ علیحدہ ریاست تلنگانہ تحریک میں سرکاری ملازمین کی قربانیوںکو کبھی فراموش نہیں کیاجاسکے گا۔آج یہاں ٹی این جی اوز بھون‘ نامپلی میںسنٹرل کمیٹی کے عاملہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر رویند ریڈی نے پوری ریاست کے سرکاری دفاتر میںجشن تلنگانہ کے موقع پر کیک کاٹنے اور تلنگانہ کے ساتھ قومی پرچم لہرانے کی سرکاری ملازمین سے اپیل کی۔ تلنگانہ کے روایتی پروگراموں کا انعقاد بالخصوص ہر دفتر میںکلچرل پروگرام منعقد کیے جائیںگے۔ مسٹر رویند رریڈی نے تلنگانہ کے سرکاری ملازمین کے ساتھ انصاف کو یقینی بنانے کے متعلق سنجیدگی کے ساتھ کام کرنے کی بھی حکومت تلنگانہ سے اپیل کی۔ انہوں نے کہاکہ تلنگانہ تحریک میںاہم رول ادا کرنے کے بعد نئی ریاست کی ترقی کے لئے بھی سرکاری ملازمین حکومت تلنگانہ کا مکمل ساتھ دے رہے ہیں۔ اس کے باوجود تلنگانہ تحریک کے 42روزہ عام ہڑتال کو خصوصی رخصت میںتبدیل کرنے کا عمل ریاست کی تشکیل کے ایک سال بعد بھی تعطل کاشکار ہے۔ انہو ںنے کہا کہ ہیلت کارڈ کی عدم فراہمی کے سبب ریاست کے سرکاری ملازمین طبی سہولتوں سے محروم ہیں۔ جبکہ سرکاری ملازمین ہر ماہ اپنی تنخوا ہ سے دوسو روپئے کی کٹوتی کے لئے بھی راضی ہیں تاکہ انہیں کارپوریٹ دواخانوں میں مفت طبی سہولتیں فراہم کی جاسکیں۔صدر تلنگانہ گزیٹیڈ آفیسر س اسوسیشن گریٹر حیدرآباد ایس ایم حسینی مجیب نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پی آر سی بقایہ جات کی اجرائی کے متعلق تاخیرپر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہاکہ سرکاری ملازمین پی آر سی بقایہ جات کی رقم کے پچاس فیصد حصہ کی اجرائی او رپچاس فیصد جی پی ایف میںجمع کروانے کے لئے بھی تیار ہیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ چیف منسٹر کی بھوپال اور گجرات سے واپسی کے بعد ٹی این جی اوز گریٹر حیدرآباد کا وفد چیف منسٹر سے اس ضمن میں نمائندگی کریگا۔ ٹی این جی اوزجنرل سکریٹری عبدالحمید‘ سابق صدر ٹی این جی اوز دیوی پرساد کے علاوہ دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔