قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔ ڈپٹی چیف منسٹر جموں و کشمیر کا اعلان
جموں۔/21جولائی، ( سیاست ڈاٹ کام ) جموں و کشمیر کے ڈپٹی چیف منسٹر نرمل سنگھ نے آج بتایا کہ عسکریت پسندوں کو بیرونی عطیات کی فراہمی کے انکشاف سے وہ بے نقاب ہوگئے ہیں اور اس طرح کی سرگرمیوں میں ملوث پائے گئے تو ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ بعض افراد بیرونی عطیات حاصل کررہے ہیں لیکن قانون اپنا کام کرے گا اور قصورواروں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔ڈپٹی چیف منسٹر نے بتایا کہ عسکریت پسندوں کا یہ دعویٰ ہے کہ وہ ایک عظیم مقصد کیلئے جدوجہد کررہے ہیں لیکن حال ہی میں ایک حوالہ ریاکٹ کے بے نقاب ہوجانے سے وہ بے نقاب ہوگئے ہیں اور یہ پتہ چلا ہے کہ انہیں بیرونی فنڈس حاصل ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علحدگی پسند ی کے کسی بھی مسئلہ کو آہنی پنجہ سے کچل دیا جائے گا اور علحدگی پسندی اور عسکریت پسندی میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ریاست میں آئی ایس آئی ایس کے لاحق خطرہ کے بارے میں انہوں نے کہا کہ سیکوریٹی فورسیس چوکس ہیں اور وہ کسی بھی گھناؤنے عزائم کو ناکام بنادیں گے۔