علحدگی پسندوں کا اثر نمایاں کم : اجیت ڈوؤل

نئی دہلی ۔ 22 ۔ نومبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوؤل نے کہا کہ جموں و کشمیر میں علحدگی پسند طاقتوں کے اثر میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے ۔ انہوں نے ہندوستان ٹائمز کے لیڈر شپ سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب جموں و کشمیر میں انتخابات ہونے جارہے ہیں یہ عمل پرامن طور پر جاری ہے ۔ وہ سمجھتے ہیں کہ اب تک کہ انتخابات میں سب سے کم تشدد کے واقعات ہوئے ہیں ۔ انتخابی بائیکاٹ کی اپیلوں کے باوجود عوام میں کافی جوش و خروش پایا جاتا ہے ۔ علحدگی پسند طاقتوں کے اثر میں نمایاں کمی ہوئی ہے ۔ اجیت ڈوؤل نے پاکستان مقبوضہ کشمیر میں جاری سرگرمیوں پر خبردار کیا اور اس بارے میں موثر لائحہ عمل پر زور دیا ۔ سابق انٹلی جنس بیورو سربراہ نے کہا کہ پاکستان انتہائی معمولی قیمت پر دہشت گردی کا استعمال کررہا ہے اور یہ بے ترتیب جنگی لائحہ عمل غیر معینہ مدت سے جاری ہے ۔ انہوں نے مستقبل کے جغرافیائی خطرہ سے خبردار کیا اور کہا کہ ملک میں نوجوانوں کی امیدوں کو کس طرح پورا کیا جائے ، اس کا جائزہ لینا ضروری ہے ۔ سیکوریٹی انفراسٹرکچر کے لیے پولیس کو عصری بنانا اور قانون کی حکمرانی ایک اہم ضرورت ہے ۔ ڈوؤل نے کہا کہ نئے خطرات میں سائبر جنگ ہے جس کے نتیجہ میں روایتی جنگ پس پشت ہوجائے گی ۔۔