حیدرآباد ۔ 29 ۔ مئی : ( پریس نوٹ ) : موومنٹ فار ایجوکیشن اینڈ اکنامک تلنگانہ ( میٹ ) نے مغربی بنگال کی حکومت کی جانب سے علامہ اقبال کی عظیم خدمات کو خراج عقیدت شاہانہ انداز میں پیش کئے جانے اور ہندوستان کے تئیں حب الوطنی کے جذبہ کو بیدار کرنے کے لیے تحریر کی گئی نظم ’ ترانہ ہندی ‘ سارے جہاں سے اچھا ہندوستان ہمارا ‘ کے لیے ایوارڈ بعد از مرگ پیش کئے جانے کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ اسی طرح کے اقدامات حقیقی سیکولرازم ان میں پیوست ہیں ۔ میٹ کے عہدیداران سید علی الدین احمد اسد اور سید حمید الدین احمد محمود نے کہا کہ اس طرح کے فیصلے تقاریب کا اہتمام دیگر ریاستی حکومتوں کی اردو اکیڈیمیوں کے لیے بھی قابل تقلید ہے ۔ کیوں کہ علامہ اقبال کی عظیم المرتبت شاعری کو سرکاری سطح پر نظر انداز کیا جاتا رہا ۔ علامہ اقبال نے کئی نظموں کے ذریعہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو بھی فروغ دینے کی کامیاب تحریک چلائی تھی اور وہ ہندوستانی سیکولرازم سے ہم آہنگ تھی ۔ اس طرح ممتام بنرجی نے اردو زبان کی عظمت افادیت لازوال ورثہ کو خراج ادا کرنے کی ا یک بہترین شروعات کی ہیں جس کے لیے مغربی بنگال اردو اکیڈیمی بھی قابل ستائش ہے ۔ اگر اس طرح ہر ریاست اردو شعراء ، ادیبوں کی تعلیمی صلاحیتوں کا اعتراف کرنے لگیں تو اردو کی ترقی و ترویج کے عملی اقدامات ہوسکتے ہیں ۔