علاقہ چارمینار کو خوبصورت اور پُرکشش بنانے کا منصوبہ

حیدرآباد 24 ستمبر (سیاست نیوز) پرانے شہر کے علاقہ لاڈ بازار میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے غیر مجاز قبضہ جات کی برخاستگی سے قبل تاجرین نے رضاکارانہ طور پر اپنی دوکانات سے آگے نکلے ہوئے سائن بورڈس وغیرہ ہٹادیئے ہیں۔ گزشتہ شب سے ہی لاڈ بازار کے تاجرین کی جانب سے اپنے طور پر سائن بورڈس ہٹانے کی کارروائیاں جاری تھیں اور آج دن بھر بھی کئی دوکانوں کے مالکین نے سائن بورڈس ہٹاتے ہوئے اپنے کاروبار کو ملگیوں کی حد تک محدود کردیا۔ دو یوم قبل جی ایچ ایم سی کی جانب سے فراہم کردہ 24 گھنٹے کی مہلت کے پیش نظر تاجرین نے رضاکارانہ طور پر اِس کارروائی میں حصہ لیتے ہوئے چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے میں تعاون کا آغاز کردیا۔ عہدیداروں کے بموجب گزشتہ ایک ہفتہ سے جاری تاجرین سے بات چیت کے مثبت نتائج برآمد ہونے لگے ہیں اور اِس صورتحال سے اندازہ ہوتا ہے کہ شہریوں میں بھی شعور بیدار ہورہا ہے اور وہ خود شہر کی ترقی میں اپنا حصہ ادا کرنے کے لئے تیار ہے۔ گزشتہ دو یوم سے پرانے شہر کے علاقہ شاہ علی بنڈہ، پنچ محلہ، لاڈ بازار کے علاوہ چارمینار کے اطراف و اکناف کے علاقوں میں چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے سلسلہ میں غیرمجاز قبضوں کی برخاستگی کا عمل جاری ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ آئندہ دو یوم کے دوران چارمینار سے سردار محل کی سڑک پر موجود قبضہ جات کو برخاست کرنے کے لئے کارروائی کا منصوبہ ہے۔