علاقہ مولا علی سے 8 سال قبل لاپتہ لڑکا پنجاب میں برآمد فیس بُک کا کمال

حیدرآباد۔/3 اپریل، ( پی ٹی آئی) سوشیل میڈیا نے 2011 میں گمشدہ بچہ کو تلاش کرنے کی کوششوں میں ماں باپ کی مدد کی اور پولیس نے اس بچہ کا پنجاب میں پتہ چلاتے ہوئے اس کو حیدرآباد میں ماں باپ کے گھر پہنچادیا۔ اس لڑکے کی ماں نے اتفاقی طور پر اپنے بیٹے کا فیس بُک پروفائیل دیکھ لیا تھا جو ضلع امرتسر کے موضع رانا کلا میں ایک زمیندار کے پاس پایا گیا۔ رچہ کنڈہ پولیس کمشنر مہیش بھاگوت نے کہا کہ اس لڑکے کی ماں کی اطلاع پر سائبر کراکئم پولیس نے لڑکے کے زیر استعمال انٹر نیٹ پروٹوکول کا پتہ چلالیا۔ یہ لڑکا دنیش جینا 26 جنوری 2011 سے لاپتہ تھا جب وہ کسی کو بتائے بغیر گھر سے چلا گیا تھا۔ اس کی ماں نے اپنے بیٹے کی گمشدگی کی شکایت پولیس میں درج کروائی تھی لیکن تاحال اس کا کوئی پتہ نہیں چلا تھا۔ دنیش جینا کی ماں سوزانا اگسٹ2018 کو اپنے بیٹے کی تصویر کے ساتھ ’’ دنیش جینا سے ‘‘ نام سے فیس بُک پروفائیل دیکھا تھا اور پولیس کو اطلاع دی تھی۔ جس پر سائبر کرائم پولیس نے واقعہ کی تحقیقات کی اور انٹرنیٹ پروٹوکول ( آئی پی ) کی نشاندہی کے ذریعہ امرتسر میں اس لڑکے کی موجودگی کا پتہ چلایا۔بعد ازاں پولیس کی ٹیم پنجاب روانہ ہوئی اور اس لڑکے کو واپس لالیا جو وہاں کے زمیندار کے پاس تھا اور حیدرآباد پہنچ کر اپنے ماں باپ کے ساتھ دوبارہ مل گیا ۔