سیاست کی تحریک کا اثر
علاقہ باغ امجدالدولہ میں روٹی ، کپڑا بنک
نوجوانوں کی جانب سے یومیہ 50-60 غریبوں کو غذا کی فراہمی،شیر خواروں میں دودھ کی تقسیم
حیدرآباد ۔ 23 ۔ اگست : ( نمائندہ خصوصی ) : ہمارے نبی کریم ﷺ کا ارشاد مبارک ہے ’ اللہ تعالیٰ اس شخص پر رحم نہیں کرتے جو دوسروں پر رحم نہیں کرتا ‘ اس سے معلوم ہوا کہ دوسروں پر رحم کرنا ان کے ساتھ محبت و مروت سے پیش آنا ضرورت مندوں کی مدد کرنا یہ ایسے کام ہیں جس سے اللہ اور اس کے رسولؐ راضی ہوتے ہیں ۔ خوشی کی بات یہ ہے کہ حیدرآباد فرخندہ بنیاد میں ایسے بے شمار لوگ ہیں جو ضرورت مندوں کی مدد کے لیے فوری آگے آتے ہیں ویسے بھی اپنے لیے تو سب جیتے ہیں اس میں کوئی بڑی بات بھی نہیں لیکن دوسروں کے لیے جینا بڑا کمال ہے ۔ ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں کی اصلاح معاشرہ کے لیے شروع کردہ تحریک کا غیر معمولی مثبت اثر ہورہا ہے ۔ سیاست نے فیض عام ٹرسٹ کے تعاون و اشتراک سے عابد علی خاں آئی ہاسپٹل دارالشفاء میں کپڑا بنک قائم کیا ۔ اس نیک کام سے متاثر ہو کر باغ امجدالدولہ کے خداترس بزرگوں اور نوجوانوں نے مسجد منور کی ملگی میں جناب محمد سلطان کی قیادت میں روٹی اور کپڑا بنک قائم کیا جس کے ذریعہ یومیہ 50 تا 60 لوگوں کو تین وقت کا کھانا فراہم کیا جارہا ہے اور مستحق خاندانوں میں شیر خواروں کے لیے دودھ کی بھی تقسیم عمل میں آرہی ہے ۔ اس کار خیر میں محمد کلیم ، محمد رضوان ، محمد اشفاق ، شیخ عبدالکریم ایڈوکیٹ ، محمد مظہر الدین غوری ایڈوکیٹ ، محمد شریف ، امنھاس لکھانی ، محمد منظور احمد ، شیخ عبدالمکرم اور محمد عامر قریشی بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں ۔ اس بنک کے عہدیداروں نے دفتر سیاست پہنچ کر اپنے جمع کردہ کپڑوں کے کارٹونس بھی حوالے کئے تاکہ بہار اور آسام کے سیلاب متاثرین کے لیے روانہ کئے جارہے کپڑوں میں ان کپڑوں کو بھی شامل کیا جاسکے ۔ ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں یہ جان کر خوش ہوئے کہ یہ نوجوان پچھلے 6 ماہ سے غریب خاندانوں کو نہ صرف کھانا فراہم کررہے ہیں بلکہ شیر خوار بچوں کے لیے دودھ کی فراہمی کو بھی یقینی بنا رہے ہیں ۔ محمد سلطان کے مطابق شیرخواروں کو دودھ کے پیاکٹس کی فراہمی کے لیے کارڈس جاری کئے گئے ہیں اس طرح ہر روز تیس چالیس اہل خیر حضرات فی کس دودھ کی ایک پیاکٹ کا انتظام کردیتے ہیں ۔ اہلیان محلہ باغ امجدالدولہ بھی اپنے محلہ میں اس قسم کا نیک کام شروع کرنے پر نوجوانوں کی ستائش کررہے ہیں ۔ ان کا کہنا ہے کہ کارخیر ان کے گھروں اور محلہ کیلئے باعث برکت ہے ۔۔