سنگاپور۔ 2 جون (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی اور امریکہ کے وزیر دفاع جم میٹس نے آج سنگاپور میں اپنی ملاقات کے دوران سکیورٹی سے متعلق اُمور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس سے ایک دن قبل امریکی وزارت دفاع پینٹگان نے اپنی بحرالکاہل کی کمانڈ کا نام تبدیل کرتے ہوئے ہند ۔ بحرالکاہل کمانڈ سے موسوم کیا تھا۔ یہ ایسا وسیع تر علامتی اقدام ہے جس سے امریکی فوج کیلئے ہندوستان کی اہمیت کا اشارہ ملتا ہے۔ مودی نے یہاں میٹس کے ساتھ بند کمرہ ملاقات کی۔ اس دوران دونوں نے باہمی و عالمی مفادات کے حامل تمام سکیورٹی مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول بھی اس ملاقات کے موقع پر موجود تھے جو دو گھنٹوں تک جاری رہی۔ بعدازاں وزارت امور خارجہ میں ترجمان رویش کمار نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ’’کل شام منعقدہ سنگری ۔ لاؤ مذاکرات 18 وزیراعظم مودی کے کلیدی خطبہ کے تناظر میں اس بات چیت کے دوران علاقہ کی سکیورٹی پر توجہ مرکوز کی گئی‘‘۔ مودی نے اپنے کلیدی خطاب میں کہا کہ ’’مخاصمت کا ایشیا اس علاقہ کو پیچھے کی طرف ڈھکیل دے گا جبکہ تعاون کا ایشیا رواں صدی کو ایک بہتر شکل دے گا‘‘۔