چندر ابابو نائیڈو اور ایچ ڈی کمارا سوامی کا باہمی تبادلہ خیال
امراوتی ( اے پی ) 31 اگسٹ ( پی ٹی آئی ) آندھرا پردیش اور کرناٹک کے چیف منسٹروں این چندرا بابو نائیڈو اور ایچ ڈی کمارا سوامی کی آج یہاں ملاقات ہوئی جس میں کئی سیاسی مسائل پر غور کیا گیا ۔ خاص طور پر علاقائی جماعتوں کو متحد کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا تاکہ بی جے پی زیر قیادت این ڈی اے کو شکست سے دوچار کیا جاسکے ۔ کمارا سوامی آج صبح وجئے واڑہ پہونچے تاکہ یہاں ایک مندر میں حاضری دے سکیں۔ چندر ابابو نائیڈو تروپتی جاتے ہوئے شہر کے ایک ہوٹل میں رکے جہاں کمارا سوامی نے توقف کیا تھا اور یہاں دونوں قائدین نے 40 منٹ تک بات چیت کی ۔ ریاستی محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ سے جاری کردہ ایک اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ دونوں چیف منسٹروں نے مرکز میں این ڈی اے کو شکست دینے کیلئے علاقائی جماعتوں کو متحد کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔ اعلامیہ میں چندر ا بابو نائیڈو کا یہ کہتے ہوئے حوالہ دیا گیا کہ ان مسائل پر ابتدائی نوعیت کی بات چیت ہوئی ہے اور اس پر مزید تفصیلی تبادلہ خیال کی ضرورت ہے ۔ بعد ازاں کمارا سوامی نے میڈیا سے کہا کہ تلگودیشم اور جے ڈی یو کے بھائی چارہ والے تعلقات ہیں اور ان دونوں کا ایک مشترکہ مقصد یہ ہے کہ مرکز کے برسر اقتدار این ڈی اے اتحاد کو شکست سے دوچار کیا جائے ۔