اسلام آباد ۔ یکم ؍ فبرور ی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے آج کہا ہے کہ جنوبی ایشیاء میں مستقل امن اور خوشحالی کیلئے مسئلہ کشمیر کی یکسوئی ناگزیر ہے ۔ وزیراطلاعات و نشریات پرویز نشیط نے ’’کشمیر یوم یگانگت‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کی یکسوئی سے علاقہ میں خوشحالی آئے گی اور عوام ناخواندگی و غربت سے نجات حاصل کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی حق خود ارادیت کیلئے جاری جدوجہد میں اخلاقی ، سیاسی اور سفارتی مدد جاری رکھے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اگر اقوام متحدہ سلامتی کونسل کا مستقل رکن بننا چاہتا ہے تو اسے بین الاقوامی عہد کو پورا کرنا چاہئیے ۔ اس پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے صدرنشین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی مرضی کے مطابق حل کیا جانا چاہئیے ۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کو مسئلہ کشمیر کی یکسوئی میں مدد کیلئے اپنا رول ادا کرنا چاہئیے ۔ انہوں نے کہا کہ مستقل امن کیلئے یہ مسئلہ مستقل طور پر حل کیا جانا ضروری ہے ۔