علاج کے بہانے لاکھوں روپئے ہڑپنے والا فرضی ڈاکٹر گرفتار

حیدرآباد ۔ /4 اکٹوبر (سیاست نیوز) مادنا پیٹ پولیس نے ایک فرضی ڈاکٹر کو گرفتار کرلیا جس نے علاج کے بہانے مریض سے لاکھوں روپئے ہڑپ لئے ۔ پولیس کے بموجب عیدی بازار کے ساکن عبدالمجید نے مادنا پیٹ پولیس سے ایک شکایت درج کرواتے ہوئے یہ الزام عائد کیا کہ کلیم احمد خان خود کو ڈاکٹر ظاہر کرتے ہوئے مہدی پٹنم علاقہ میں کلینک چلاتا ہے اور اس نے دل کے امراض کے علاج کیلئے ان سے 6 لاکھ روپئے حاصل کئے لیکن ان کا علاج نہ کرسکا ۔ عبدالمجید نے اپنی دی ہوئی رقم کو لوٹانے کیلئے زور دینے پر کلیم احمد خان نے 3 لاکھ روپئے کے دو چیک بطور ضمانت حوالے کئے اور بعد ازاں رقم کی ادائیگی کرنے سے قاصر رہا ۔ مادنا پیٹ پولیس نے فرضی ڈاکٹر کے خلاف ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا اور ابتدائی تحقیقات میں کلیم احمد خان کے پاس فرضی ڈگریاں ہونے کے نتیجہ میں اسے گرفتار کرلیا گیا ۔
سڑک حادثات میں دو افراد ہلاک
حیدرآباد /4 اکٹوبر ( سیاست نیوز) حبیب نگر اور جیڈی میٹلہ پولیس حدود میں پیش آئے سڑک حادثات میں دو افراد ہلاک ہوگئے ۔ حبیب نگر پولیس کے مطابق 66 سالہ عبدالرحیم جو پیشہ سے کیاب ڈرائیور آغاپورہ علاقہ کا ساکن بتایا گیا ہے ۔ یہ شخص سڑک عبور کرنے کے دوران نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا اور علاج کے دوران عثمانیہ جنرل ہاسپٹل میں فوت ہوگیا ۔ جیڈی میٹلہ پولیس کے مطابق 60 سالہ سوامی نایئڈو جو راجیو گاندھی نگر علاقہ کا ساکن پیشہ سے مزدور بتایا گیا ہے ۔ جس کا آبائی مقام ویسٹ گوداوری بتایا گیا ہے ۔ کل یہ شخص موٹر سائیکل پر جارہا تھا کہ کار کی زد میں آکر برسر موقع ہلاک ہوگیا ۔