لکھنو ، 10 جون (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کی عظیم شخصیتوں کو ’’بیرونی لوگوں کے اثر‘‘ کے تحت تحریر کی گئی تاریخ میں ’’نظرانداز‘‘ کیا گیا ہے، مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے آج یہ بات کہی اور فاضل تاریخ دانوںسے اپیل کی کہ ایسی شخصیتوں کے بارے میں ریسرچ کریں تاکہ تاریخ میں ان کیلئے مناسب جگہ یقینی ہوجائے۔ راجناتھ یہاں ایک پروگرام سے مخاطب تھے جو محمود غزنوی کے بھانجہ سید سالار مسعود پر مہاراجہ سبیلدیو کی کامیابی کی یاد میں منعقد کیا گیا۔ تاہم انھوں نے ایسی کوئی عظیم شخصیت کا نام نہیں لیا جسے نظرانداز کردیا گیا ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا: ’’ہماری حکومت کا نصب العین یہ ہے کہ ہر کوئی آگے بڑھے اور ترقی کرے۔‘‘