عظیم اتحاد کیلئے اقل ترین ایجنڈے کی تیاری کا جائزہ

اجلاس میں کانگریس، تلگودیشم، سی پی آئی اور تلنگانہ جنا سمیتی قائدین کی شرکت

حیدرآباد۔/3 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) کانگریس، تلگودیشم، سی پی آئی اور تلنگانہ جنا سمیتی کے قائدین نے آج شام ہوٹل گولکنڈہ میں اجلاس طلب کرتے ہوئے اقل ترین ایجنڈے کی تیاری کا جائزہ لیا۔ پیپلز ایجنڈہ کے نام سے چاروں جماعتوں کا مشترکہ انتخابی منشور جاری کرنے اور اتحاد کیلئے بھی نئے نام کا اعلان کرنے کا فیصلہ کیا۔ اجلاس میں کانگریس کی طرف سے تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹ ملو بٹی وکرامارک ، تلنگانہ جنا سمیتی کی جانب سے سابق رکن قانون ساز کونسل دلیپ ، تلگودیشم سے آر چندر شیکھر ریڈی ، سی پی آئی سے سابق رکن اسمبلی کے سامبا شیوا راؤ نے شرکت کی۔اجلاس میں اقل ترین ایجنڈہ کی تیاری کے ساتھ ساتھ نشستوں کی تقسیم، مشترکہ انتخابی منشور کی تیاری اور انتخابی مہم کی حکمت عملی کا بھی جائزہ لیا گیا۔ بہت جلد ایک اور اجلاس طلب کرنے سے بھی اتفاق کیا گیا۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ملو بٹی وکراما رک نے کہاکہ چاروں جماعتوں کے اتحاد پر مشتمل اقل ترین ایجنڈہ تیار کیا جارہا ہے۔ ہر جماعت اپنی اپنی تجویز پیش کررہی ہے اور قائدین آپس میں مشاورت کررہے ہیں۔ عوامی ایجنڈہ ہمارا مشترکہ انتخابی منشور ہوگا جو بہت جلد جاری کیا جائے گا۔ عوامی ضروریات، فلاح و بہبود، ریاست کی ترقی و دیگر مسائل پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ تلگودیشم کے پولیٹ بیورو رکن آر چندر شیکھر ریڈی نے کہا کہ مجاہدین آزادی کی آرزوؤں اور تمناؤں کو کے سی آر نے فراموش کردیا ہے۔ تعلیمی میدان کو فروغ دینے میں حکومت پوری طرح ناکام ہوگئی۔ انتخابی منشور اس طرح تیار کیا جائے گا کہ سماج کا ہر طبقہ بلاجھجک اسکو اپنا منشور قرار دے گا، ساتھ ہی یہ منشور ٹی آر ایس کے منشور جیسا نہیں ہوگا کئے جانے والے ہر وعدے کو پورا کیا جائے گا۔2009 میں تلگودیشم اچھی تھی اور چندرا بابو نائیڈو دھوکہ باز بھی نہیں تھے ، علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد تلگودیشم خراب ہوگئی کیا ، کے سی آر سے استفسار کیا۔ اور چندر شیکھر ریڈی نے کہا کہ جب تلنگانہ میں تلگودیشم کا وجود ہی نہیں ہے تو ٹی آر ایس چندرا بابونائیڈو اور تلگودیشم سے خوفزدہ کیوں ہے۔ تلنگانہ جنا سمیتی کے قائد دلیپ نے کہا کہ پانی، فنڈز اور تقررات کا نعرہ دیتے ہوئے کے سی آر نے عوام کو دھوکہ دیا ہے۔ آبپاشی پراجکٹس کا از سر نو جائزہ لیا جائے گا اور عومی فنڈز کا بیجا استعمال کرنے کے خلاف کارروائی بھی کی جائے گی۔ سی پی آئی کے قائد کے سامبا شیوا راؤ نے کہا کہ مشترکہ انتخابی منشور کا مسودہ تیار ہوگیا ہے۔ تلنگانہ کیلئے قربانیاں دینے والوں کو کے سی آر نے فراموش کردیا۔