حیدرآباد۔ 8 نومبر (سیاست نیوز) صدر تلگو دیشم و چیف منسٹر آندھرا پردیش چندرا بابو نائیڈو نے تلنگانہ تلگو دیشم قائدین کو عظیم اتحاد میں شامل جماعتوں کے امیدواروں کو کامیاب بنانے اور اتحاد کو برسراقتدار لانے ہر ممکن کوشش کرنے کی ہدایات دیں۔ آر چندر شیکھر ریڈی اور اروند کمار گوڑ قائدین تلگو دیشم نے نائیڈو سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس کی جانب سے تلگو دیشم کو جس انداز سے نشانہ بنایا جارہا ہے، اس کو دیکھتے ہوئے ٹی آر ایس کی کمزوری و ناکامی کے خوف کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ عظیم اتحاد میں نشستوں کی تقسیم کو قطعیت دے دی گئی اور اتحاد میں شامل تمام جماعتیں متحدہ طور پر اپنے امیدواروں کی کامیابی کیلئے جدوجہد کرینگی ۔ انہوں نے کہا کہ تلگو دیشم سے ٹی آر ایس کافی خوف زدہ ہے جس کی وجہ سے تلگو دیشم پر اور اسکے قائدین پر صدر ٹی آر ایس اور دیگر قائدین نہ صرف شخصی حملے کررہے ہیں بلکہ غلط الزامات عائد کرکے بوکھلاہٹ کا ثبوت پیش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عظیم اتحاد کیلئے کے سی آر ذمہ دار ہیں اور کے سی آر پر درج فہرست اقوام و قبائل، پسماندہ اور اقلیتی طبقات کی فلاح و بہبود کو نظرانداز کردینے کا الزام عائد کیا۔