عظیم اتحاد میں نشستوں کی عاجلانہ تقسیم پر غور

تاخیر کی صورت میں کامیابی کے امکانات متاثر : کے نارائنا
حیدرآباد ۔29 اکٹوبر ( سیاست نیوز) قومی سی پی آئی سکریٹری ڈاکٹر کے نارائنا نے ریاست تلنگانہ میں آئندہ دنوں منعقد ہونے والے اسمبلی انتخابات کیلئے تشکیل دیئے گئے عظیم اتحاد سے نشستوں کی تقسیم جلد سے جلد کرنے کی اپیل کی تاکہ عظیم اتحاد میں شامل دیگر جماعتیں نشستوں کی تقسیم کی مناسبت سے اپنے اسمبلی حلقوں سے مقابلہ کرنے والے امیدواروں کی فہرست کو قطعیت دے سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ نشستوں کی تقسیم میں جتنی تاخیر کی جائے گی اتنا ہی نقصان عظیم اتحاد کو ہوسکتا ہے ۔ لہذا جلد سے جلد نشستوں کا تعین کرتے ہوئے حلقہ جات اسمبلی کے ناموں کا اعلان کرنے کی عظیم اتحاد سے پُرزور خواہش کی ۔ ڈاکٹر کے نارائنا نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں اسمبلی انتخابات کا وقت دیکھتے ہی دیکھتے قریب آرہا ہے لیکن نشستوں کی نشاندہی و مختص کرنے میں تاخیر کے باعث عظیم اتحاد کی کامیابی پر منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں ۔ قومی سکریٹری سی پی آئی نے جن حلقوں سے انتخابی مقابلہ کیا تھا ان ہی 9حلقہ جات اسمبلی کو سی پی آئی کیلئے چھوڑنے کا کانگریس پارٹی سے خواہش کی ہے اور کہا کہ محض عظیم اتحاد کو پیش نظر رکھتے ہوئے وعظیم اتحاد کو مضبوط و مستحکم بنانے کے مقصد سے سی پی آئی چند نشستیں چھوڑ دینے کیلئے بھی تیار ہے ۔ ڈاکٹر کے نارائنا نے پُرزور الفاظ میں کہا کہ ریاست تلنگانہ میں ٹی آر ایس کو شکست دینا اور عظیم اتحاد کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانا ہی عظیم اتحاد کا سب سے اہم مقصد ہونا چاہیئے ۔