عظیم اتحاد میں شامل چار جماعتوںکا آج اجلاس

نشستوں کی تقسیم اور اقل ترین مشترکہ ایجنڈہ کی تیاری اور انتخابی حکمت عملی پر پیشرفت کا امکان
حیدرآباد 8 اکٹوبر ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس کو اقتدار سے دور رکھنے 9 اکٹوبر کو عظیم اتحاد میں شامل چار جماعتوں کے قائدین کا اہم اجلاس منعقد ہوگا جس میں نشستوں کی تقسیم اور اقل ترین مشترکہ ایجنڈے کی تشکیل اور انتخابی حکمت عملی تیار کرنے میں پیشرفت ہونے کا امکان ہے ۔ اسمبلی تحلیل کرنے کے بعد ٹی آر ایس کے 105 امیدوار عوام کے درمیان پہنچ کر انتخابی مہم چلا رہے ہیں ۔ کانگریس ‘ تلگودیشم ‘ سی پی آئی اور تلنگانہ جنا سمیتی کی جانب سے عظیم اتحاد تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ چار جماعتوں کے قائدین نے ابھی تک 4 مرتبہ ملاقاتیں کی ہیں ۔ تازہ سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا ‘ تینوں جماعتوں نے مقابلہ کرنے کی نشستوں سے کانگریس کو واقف کراتے ہوئے اپنی فہرست پیش کی ہے ۔ کانگریس سینئر قائدین نے تینوں جماعتوں کی دعویداری کا جائزہ لیا ہے ۔ ذرائع سے پتہ چلاہیکہ کانگریس ‘تینوں جماعتوں میں 20 تا 22 نشستیں چھوڑنے کے حق میں ہے ۔ تلگودیشم کو 12تا 15 اسمبلی حلقہ ‘ سی پی آئی کو 4 اور تلنگانہ جنا سمیتی کو 3 اسمبلی حلقہ چھوڑنے پر غور کیا جارہا ہے ۔ عظیم اتحاد کی تشکیل میں آج منعقد ہونے والے اجلاس کو اہمیت کا حامل مانا جارہا ہے ۔ اس اجلاس میں نشستوں کی تقسیم کو قطعیت دینے کا قوی امکان ہے ۔ چار جماعتوں نے مشترکہ اقل ترین ایجنڈہ تیار کرنے سے بھی اتفاق کیا ہے ۔ امکان ہے اس کو بھی قطعیت دے دی جائے گی ‘ اگر نشستوں کی تقسیم اور اقل ترین ایجنڈے کو قطعیت دے دی جاتی ہے تو انتخابی مہم بھی تیار کئے جانے کا قوی امکان ہے ۔