نئی دہلی ۔ 25 ۔ فروری (سیاست ڈاٹ کام) دہلی کی عدالت نے ایک بیوہ کے مکان میں زبردستی داخل ہوکر عصمت ریزی کے الزام میں ایک شخص کو 7 سال کی قید بامشقت کی سزا سنائی ہے۔ ایڈیشنل سیشن جج ویریندر بھٹ نے دہلی کے شہری رنجیت کے خلاف جیل کی سزا سناتے ہوئے اسے مختلف دفعات کے تحت مجرم قرار دیا ۔ عدالت نے کہا کہ استغاثہ نے کامیابی کے ساتھ یہ ثابت کردیا ہے کہ ملزم متاثرہ خاتون کے فلیٹ میں زبردستی داخل ہوگیا اور اپنی ہوس کا نشانہ بنایا۔ عدالت نے ملزم رنجیت جو کہ ایک تین ماہ کے بچہ کا باپ ہے، 20 ہزار روپئے کا جرمانہ بھی عائد کیا ہے اور یہ فیصلہ میڈیکل رپورٹ کی بناء کیا گیا جس میں عصمت ریزی کا الزام ثابت ہوگیا ہے ۔ استغاثہ کے بموجب ایک خاتون اپنے فلیٹ میں تنہا تھی اور 17 ڈسمبر 2014 ء کی شب ملزم رنجیت مکان میں داخل ہوکر منہ میں کپڑے ٹھونس کر عزت لوٹ لی اور اسی عمارت میں واقع اپنے فلیٹ میں واپس چلا گیا ۔ بعد ازاں متاثرہ خاتون نے اپنی لڑکی کو طلب کیا اور پولیس میں شکایت کرنے پر فی الفور رنجیت کو اس کے فلیٹ سے گرفتار کرلیا ہے۔ خاتون نے پولیس کو بتایا تھا کہ ملزم اس عمارت میں مختلف فلیٹس تبدیل کرتا رہتا تھا اور معمولی باتوں پر اس کا جھگڑا ہوتا رہتا تھا ۔ مقدمہ کی سماعت کے دوران ملزم نے الزامات کی تردید کی اور یہ ادعا کیا کہ اس خاتون کے ساتھ مخاصمت چل رہی تھی جس کے باعث اسے پھنسایا گیا ہے۔