نئی حکومت میں خواتین کے تحفظ کیلئے کچھ بھی نہیں ہوا : کماری شیلجا
نئی دہلی 8 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) دہلی میں ایک ٹیکسی ڈرائیور کی جانب سے 27 سالہ لڑکی کی عصمت ریزی کے واقعہ کیلئے کانگریس نے آج حکومت کو ذمہ دار قرار دیا اور کہا کہ بی جے پی کے انتخابات کے دوران کئے گئے وعدوں کے برخلاف خواتین کے تحفظ کے معاملہ میں کچھ بھی تبدیلی نہیں آئی ہے ۔ کانگریس کی رکن پارلیمنٹ کماری شیلجا نے کہا کہ قوانین موجود ہیں لیکن یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ ان قوانین پر عمل آوری کو یقینی بنائے ۔ انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کاہ کہ ڈرائیور کا ماضی کا ریکارڈ بھی جرائم کا ہے ۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہمارے قانون میں کچھ نقائص ہیںاسی وجہ سے اس طرح کے لوگ جیل جانے کے بعد بھی جرائم کرتے چلے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اہم ہے کہ قانون کو نافذ کیا جائے ۔ وہ نہیں سمجھتے کہ نئی حکومت میں خواتین کے تحفظ کے مسئلہ پر حالات میں کچھ بھی تبدیلی آئی ہے ۔ انہوں نے اس الزام کو مسترد کیا کہ اپوزیشن جماعتیں اس مسئلہ پر سیاست کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر اس طرح کے واقعات پیش آتے ہیں اور اگر ہم ان مسائل کو موضوع بحث بناتے ہیں تو اس میں سیاست کرنے کا سوال کہاں پیدا ہوتا ہے ۔ ایک اور کانگریس ایم پی رجنی پاٹل نے کہا کہ اس مسئلہ کو پارلیمنٹ میں کل بھی اٹھایا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ وقفہ صفر کے دوران وہ یہ مسئلہ کل ایوان میں اٹھائیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ نربھئے واقعہ میں اسی جماعت نے جس کی آج حکومت ہے اس وقت کی حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے غیر ضروری طور پر اسے ذمہ دار قرار دیا تھا ۔