نئی دہلی ۔ 11 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکی کیاب سرویس کے ڈرائیور کو دہلی عدالت نے آج 24 ڈسمبر تک عدالتی تحویل میں دے دیا۔ اس ڈرائیور نے مبینہ طور پر 27 خاتون ایگزیکیٹیو کی عصمت ریزی کی تھی۔ آج عدالت میں ڈرامائی حالات دیکھے گئے جہاں وکلاء نے احتجاج کیا۔ میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ رویندر کمار پانڈے نے شیوکمار یادو کو تہاڑ جیل بھیج دیا جبکہ تحقیقاتی عہدیدار نے بتایا کہ تفتیش کیلئے اسے مزید تحویل میں رکھنے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ ملزم کا موبائیل فون اور اس کے کپڑے جو وہ واقعہ کے وقت پہنا ہوا تھا، برآمد کرلئے گئے ہیں۔ آفیسر نے بتایا کہ اس مقدمہ کی تحقیقات ہنوز جاری ہے۔ قانونی مدد کرنے والے وکیل نے ملزم کی پیروی کرتے ہوئے کہا کہ تحقیقات مکمل ہوچکی ہے چنانچہ یادو کو عدالتی تحویل میں دیا جائے۔ جس وقت ڈرائیور یادو کو عدالت میں پیش کیا جارہا تھا وکلاء نے جو متواتر تیسرے دن ہڑتال کررہے تھے، کمرہ عدالت میں ہنگامہ آرائی شروع کردی اور اس کی پیروی کررہے وکیل کی مخالفت کی۔ وکلاء نے نعرے بازی کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب ہڑتال پر ہیں اور کوئی بھی وکیل قانونی چارہ جوئی میں حصہ نہیں لے گا۔ اس کے بعد مجسٹریٹ نے وکلاء سے عدالتی کارروائی میں مداخلت نہ کرنے کی درخواست کی۔