کولکتہ۔ یکم جولائی، ( سیاست ڈاٹ کام ) ترنمول کانگریس ایم پی تپس پال کے متنازعہ ریمارک کے باعث آج مغربی بنگال اسمبلی دہل گئی جہاں اپوزیشن جماعتوں کانگریس اور بی جے پی کے ارکان اسمبلی نے تپس پال کے ریمارکس کے خلاف زبردست احتجاج اور شور و غل کا مظاہرہ کیا اور مذکورہ ایم پی کے خلاف فوری کارروائی کا برسر اقتدار جماعت سے مطالبہ کیا۔ بعد ازاں کانگریس ارکان اسمبلی نے احتجاج کرتے ہوئے اسمبلی سے واک آؤٹ کردیا۔ قبل ازیں کانگریس نے اس مسئلہ پر چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی سے بیان دینے اور مذکورہ ایم پی کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے تحریک التواء پیش کی تھی مگر اسپیکر اسمبلی کی جانب سے تحریک التواء نامنظور کرائے جانے کے بعد کانگریس ارکان نے اسمبلی سے واک آؤٹ کردیا۔