نئی دہلی ۔ 18 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ایک احتجاجی جلوس جس کا اہتمام نئی دہلی میں کئی مسائل کی بنیاد پر جن میں عصمت ریزی کے واقعات میں اضافہ اور دلتوں و اقلیتوں پر مظالم میں اضافہ بھی شامل تھا، کیا گیا تھا۔ اس احتجاجی جلوس کا آغاز منڈی ہاؤس سے ہوا اور یہ پارلیمنٹ اسٹریٹ تک گیا جس کی وجہ سے ٹریفک کی نقل و حرکت جزوی طور پر متاثر ہوئی۔ احتجاجی افراد زیادہ تر سیاسی تنظیم ویلفیر پارٹی کے ارکان تھے۔ تنظیم نے کہا کہ اس نے ملک گیر احتجاج ’’ہندوستان برائے تمام ہندوستانی‘‘ کا آغاز یکم ؍ اپریل سے کیا ہے اور آج کے احتجاجی مظاہرہ کے ساتھ یہ پروگرام اختتام پذیر ہوا۔ بعدازاں ایک عام جلسہ منعقد کیا گیا جس میں تنظیم کے قائدین نے خواتین کے تحفظ اور خواتین پر ظلم کرنے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔