اجین(ایم پی) ۔ 21 اگست(سیاست ڈاٹ کام) مدھیہ پردیش کے اجین کی جوینائل جسٹس کورٹ نے ایک نابالغ ملزم معاملے میں واقعہ کے صرف پانچ دنوں میں اپنا فیصلہ سناتے ہوئے ملزم کو دو سال قیدکی سزا سنائی۔استغاثہ کے مطابق ضلع کی گھاٹیا تھانہ علاقہ کے جلوہ گاؤں میں 15 اگست کو 14 سالہ ملزم نے اپنے گھر میں 4 سال کی بچی کی آبروریزی کی تھی۔ لڑکی کے لواحقین کی اطلاع پر پولس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے راجستھان سے ملزم کو اس کے ایک رشتہ دار کے گھر سے پکڑ لیا تھا۔ پولس نے اس معاملے میں 4 دنوں میں ملزم کی تفتیش مکمل کر کے کورٹ میں چالان پیش کیا۔جوینائل جسٹس بورڈ کی جج تروپتی پانڈے نے کل پانچویں دن اپنا فیصلہ سناتے ہوئے ملزم نوجوان کو دو سال کی سزا سنائی۔ اس کو سیونی کے چائلڈ شیلٹر ہاؤس بھیجنے کا حکم دیا گیا ہے ۔