حیدرآباد ۔ 21 ۔ اپریل : ( پریس نوٹ) : دور حاضر میں ہر مرحلہ پر مسابقت ایک ناقابل فراموش حقیقت ہے ۔ مسابقتی امتحانات میں بہتر رینک کے ذریعہ ہی حصول داخلہ اور حصول ملازمت کی کوشش میں کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے اور بہتر رینک حاصل کرنے کے لیے پختہ ارادہ ، سنجیدہ محنت اور منصوبہ بند تیاری ضروری ہے کیوں کہ مسابقتی امتحانات کا طریقہ کار عام ڈگری امتحانات سے مختلف ہوتاہے ۔ اس لیے سنجیدگی کے ساتھ امتحان کی تیاری کرتے ہوئے اقلیتی امیدوار سرکاری کالج یا اعلیٰ معیاری کالج میں داخلہ پاسکتے ہیں ۔ مرکز تعلیمی ترقی برائے اقلیتی طبقات جامعہ عثمانیہ (CEDM) کے زیر اہتمام نظام کالج پر آئی سیٹ (ICET) کوچنگ پروگرام کا افتتاح کرتے ہوئے پروفیسر ایس اے شکور ڈائرکٹر CEDM نے ان خیالات کا اظہار کیا اور امیدواروں کو مشورہ دیا کہ اپنے میں اعتماد پیداکریں اور احساس کمتری کو دور کریں اور اپنے ذاتی صلاحیتوں کو دوسروں سے کمتر نہ سمجھیں ۔ نیز کنوینر آئی سیٹ کی جانب سے جاری کردہ رہنمایانہ خطوط کو غور سے پڑھیں اور امتحان کے طریقہ کار اور نصاب کو اچھی طرح سمجھ لیں اور سنجیدگی سے مسابقت کا سامنا کریں تو یقینا کامیابی آپ کے قدم چومے گی ۔
امتحان کے دن مقررہ وقت سے قبل مرکز امتحان کو پہنچ جائیں ۔ پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ نظام کالج پر ماہر اساتذہ کے ذریعہ کوچنگ کا اہتمام کیا گیا ہے ۔ جس میں 350 سے زائد امیدوار کوچنگ حاصل کررہے ہیں جن میں 110 لڑکیاں ہیں ۔ ان امیدواروں کو مفت کوچنگ کے علاوہ اسٹڈی میٹریل بھی فراہم کیا جائے گا ۔ پروفیسر ایس اے شکور ڈائرکٹر سی ای ڈی ایم نے مزید کہا کہ 8 اپریل سے حیدرآباد کے علاوہ کرنول، گنٹور ، وشاکھا پٹنم ، پرودتور ، نظام آباد ، ظہیر آباد ، محبوب نگر ، نلگنڈہ اور کدری میں ایمسیٹ کوچنگ کا آغاز ہوچکا ہے اور ماہ مئی میں ایڈ سیٹ ، پالی سیٹ کوچنگ کا آغاز ہوگا ۔ ان امیدواروں کو کوچنگ کے علاوہ اسٹڈی میٹریل بھی مفت فراہم کیا جائے گا ۔ جناب شیخ چاند ساجد سینئیر پروجیکٹ آفیسر نے امیدواروں کو مشورہ دیا کہ نظم و ضبط اور وقت کی پابندی کے ساتھ کوچنگ سے استفادہ کریں اور امتحان کے وقت اس بات کا خیال رکھیں کہ ڈھائی گھنٹہ یعنی 150 منٹ میں 200 سوالات کا جواب دینا ہے اس لیے تیز رفتار کے ساتھ صحیح جوابات بہتر رینک کے لیے ضروری ہیں ۔ آخر میں جناب عبدالکاظم پروجکٹ اسوسی ایٹ نے شکریہ ادا کیا ۔