سنیما بین الاقوامی زبان۔ اردو یو نیورسٹی میں فلم گاندھی کے سنیماٹوگرافر اے کے بیر کا خصوصی لکچر
حیدرآباد، 26؍ ستمبر (یواین آئی) عصری ٹکنالوجی کو بھرپور اور شعوری طور پر سمجھنے کے لیے انسانی پہلو کارآمد ثابت ہوتا ہے ۔ تمام محسوسات دراصل ہمارے اطراف موجود طبعی حقائق کے ذہنی ادراک کے علاوہ کچھ اور نہیں۔سنیما آج ایک بین الاقوامی زبان بن چکا ہے ۔ بین الاقوامی شہرت کے حامل قومی فلم ایوارڈ یافتہ فلم ساز و سنیماٹوگرافر پدما شری جناب اپوربا کشور بیر نے مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں آج مانو نالج سیریز کے تحت ”سنیما کی زبان اور عوامی ترقی” کے موضوع پر خصوصی لکچر دیتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ اس کے ساتھ ہی میڈیا سنٹر کے ارکانِ اسٹاف کے لیے 6 روزہ ورکشاپ ”لائٹنگ، کیمرہ ٹیکنیکس اینڈ ساؤنڈ” کا بھی آغاز ہوا۔ پروفیسر شکیل احمد، پرو وائس چانسلر نے صدارت کی اور بٹن دباکر مانو نالج سیریز کے مونٹاج کا اجرا کیا۔ بین الاقوامی آسکر انعام یافتہ فلم”گاندھی” میں بحیثیت سنیماٹوگرافرکام کرچکے جناب اے کے بیر نے اس فلم کی تیاری سے جڑی یادوں کو تازہ کیا اور کہا کہ تخلیقی ذہن کے حامل افراد فلم کو انسانیت اور تخیل کے فروغ کے لیے استعمال کرتے ہوئے اپنے خوابوں کی تکمیل کرتے ہیں۔