مفخم جاہ انجینئرنگ میں بگ ڈاٹا انالیسٹک اینڈ ڈیپ لرننگ کا آغاز
حیدرآباد۔3جنوری(سیاست نیوز) مفخم جاہ کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی کے شعبہ کمپیوٹر سائنس اور انجینئرنگ اور کمپیوٹر سوسائٹی آف انڈیا( سی ایس آئی) کے اشتراک سے ایک ہفتہ طویل ’’ بگ ڈاٹا انالیسٹک اینڈ ڈیپ لرننگ‘‘ پروگرام کا 3جنوری کو آغاز عمل میںآیا۔ اس تربیتی ورک شاپ میںشرکت کے لئے نہ صرف ایم جے سی انجینئرنگ طلبہ بلکہ جموں و کشمیر اور ملک کی دیگرریاستوں کے انجینئرنگ کالج طلبہ بھی حیدرآباد پہنچے ہیں۔چیرمن سلطان العلوم ایجوکیشنل سوسائٹی( ایس یو ای ایس) جناب خان لطیف خان کی زیر صدارت افتتاحی تقریب سے اعزازی صدر ایس یو ای ایس جناب ظفر جاوید کے علاوہ مہمان خصوصی مسٹر پی بالا پرساد ٹی سی ایس اور چیرمن آئی ای ای ای سی ایس حیدرآباد سیکشن‘ ڈاکٹر کے موہن رائیڈو چیرمن سی ایس آئی حیدرآباد سیکشن‘ڈاکٹر بشیر احمد مشیر اور ڈائرکٹر ایم جے سی ای ٹی‘پروفیسر اوما این دھولاری کوآرڈینٹر برائے ایف ڈی پی نے بھی مخاطب کیا۔ تقریب کا آغاز مفخم جاہ کالج کے طالب علم سید سراج الحسن کی قرات کلام پاک سے ہوا جبکہ پروفیسر احمد عبدالمعز قیصرہیڈ سی ایس ای نے خیرمقدمی کلمات پیش کئے اور پروفیسر شبیر احمد کے شکریہ پر تقریب کا اختتام عمل میں آیا۔جناب ظفر جاوید نے بگ ڈاٹا انالیسٹک اینڈ ڈیپ لرننگ کی خصوصیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ اس قسم کے ورک شاپ طلبہ میںنہ صرف حوصلہ پیدا کرتے ہیںبلکہ بین ریاستی تعلیمی اداروں کے درمیان جو دوریاں پیدا ہوگئی ہیںاس کو بھی دور کیاجاسکتا ہے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ تیزی کے ساتھ فروغ پاتے عصری ٹکنالوجی سے ہم آہنگی طلبہ کی ذہنی صلاحیتوں کو تقویت پہنچانے کاکام کرتا ہے۔ عصری ٹکنالوجی کی تعلیم فراہم کرنے والے اداروں اور کمپنیوں کے درمیان جو خلاء پیدا ہوا ہے اس کو بھی ہم اس قسم کے ورک شاپ سے دور کرسکتے ہیں۔ مسٹر پی بالا پرساد نے ورک شاپ سے برآمد ہونے والے نتائج اور فوائد دونوں پر روشنی ڈالی ۔