واشنگٹن ۔ /20 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ملیشیا کے جیٹ طیارہ کو مارگرانے کیلئے انتہائی عصری میزائیل سسٹم کا استعمال کیا گیا تھا جو موافق روس یوکرین باغیوں کو روس نے فراہم کیا ہے ۔ سکریٹری آف اسٹیٹ جان کیری نے آج یہ بات بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ بالکل واضح ہے کہ میزائیل ڈیفنس سسٹم روس نے علحدگی پسندوں کے حوالے کیا تھا ۔ جان کیری نے سی این این کو بتایا کہ MH17 کو مشرقی یوکرین میں مارگرنے کیلئے Buk M-1 دبابہ شکن میزائیل سسٹم کا استعمال کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پورا یقین ہے کہ یوکرین کے پاس یہ سسٹم نہیں پایا جاتا اور یہ بھی صاف ظاہر ہے کہ علحدگی پسندوں کو روس نے یہ سسٹم فراہم کیا ہے ۔
جان کیری نے کہا کہ امریکہ کے پاس غیرمعمولی شواہد پائے جاتے ہیں ۔ اس طیارے میں سوار تمام 298 افراد ہلاک ہوگئے تھے جو ایمسٹرڈم سے کوالالمپور جارہا تھا ۔ جان کیری نے روس سے حادثہ کے مقام تک بین الاقوامی تحقیقاتی عہدیداروں کی رسائی کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اب یہی علحدگی پسند مہلوکین کی نعشوں کو ٹرکس میں جمع کررہے ہیں ۔
باغیوں نے یوکرین کا فوجی طیارہ تصور کیا تھا:رپورٹ
لندن ۔ /20 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) موافق روس باغیوں نے غلطی سے ملیشیاء کے جیٹ طیارہ کو یوکرین کا فوجی ٹرانسپورٹ طیارہ تصور کرلیا اور میزائیل کے ذریعہ سے نشانہ بنایا گیا ۔ سنڈے ٹائمز نے یہ اطلاع دی اور کہا کہ ملیشیائی طیارہ راڈر کے ذریعہ کنٹرول کئے جانے والے اس میزائیل سسٹم کی زد میں آگیا ۔یوکرین کے سینئر عہدیداروں کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ موبائیل فون کالس اور سیٹلائیٹ تصاویر کے ذریعہ یہ پتہ چلا کہ یہ طیارہ جنگی زون سے گزررہا تھا اور اسے یوکرین کا فوجی طیارہ سمجھتے ہوئے باغیوں نے غلطی سے نشانہ بنایا ۔